Tuesday, 09 June 2026, 09:56:34 am
 
معرکہ حق کی کامیابی کا ایک سال مکمل،بلوچستان میں پاک فوج سے اظہار یکجہتی کیلئے ریلیاں
May 09, 2026

معرکہ حق کی کامیابی کا ایک سال مکمل ہونے پر بلوچستان بھر میں پاک فوج سے اظہارِ یکجہتی کے لیے مختلف شہروں میں بڑی ریلیوں کا انعقاد کیا گیا۔

زیارت، سنجاوی، ہرنائی، لورالائی، قلات اور چمن سمیت متعدد اضلاع میں ہزاروں شہری سڑکوں پر نکل آئے اور پاک فوج کے حق میں پرجوش نعرے لگائے۔ ریلیوں میں عوام نے افواجِ پاکستان کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے معرکہ حق کی کامیابی پر خراجِ تحسین پیش کیا۔

مقررین اور شرکاء نے فیلڈ مارشل سید عاصم منیر اور افواجِ پاکستان کی پیشہ وارانہ صلاحیتوں اور قومی سلامتی کے لیے خدمات کو سراہا اور ان کے حق میں زبردست نعرے بازی کی۔

اس موقع پر بلوچستان کے مختلف تعلیمی اداروں، سکولوں اور کالجوں میں بھی تقریبات کا اہتمام کیا گیا جہاں طلبہ و طالبات نے ملی نغمے پیش کیے اور تقاریر کے ذریعے پاک فوج کی شاندار کارکردگی کو خراجِ تحسین پیش کیا۔

شرکاء کا کہنا تھا کہ بلوچستان کے عوام افواجِ پاکستان کے ساتھ کھڑے ہیں اور ملک کی سلامتی، استحکام اور دفاع کے لیے ہر ممکن قربانی دینے کے لیے تیار ہیں۔

ریلیوں کے دوران شہریوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ قومی اتحاد اور یکجہتی ہی ملک کی مضبوطی کی ضمانت ہے اور بلوچستان کے عوام وطن کے دفاع میں پاک فوج کے شانہ بشانہ ہیں۔