Monday, 22 October 2018, 01:56:20 am
اقوام متحدہ جنوبی ایشیاء میں دیرپا امن کیلئے کشمیر کے دیرینہ تنازعے کے حل میں کردار ادا کرے، مسعود
April 09, 2018

آزاد جموں وکشمیر کے صدر سردار مسعود خان نے اقوام متحدہ پر زور دیا ہے کہ وہ جنوبی ایشیاء میں دیرپا امن کیلئے کشمیر کے دیرینہ تنازعے کے حل میں اپنا اہم کردار ادا کرے۔

پیر کی سہ پہر اسلام آباد میں ایک نیوز کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ مقبوضہ وادی میں بھارتی مظالم کے دستاویزی ثبوت ، سیکورٹی کونسل کے رکن ممالک میں تقسیم کئے جائیں تاکہ وہ جان سکیں کہ دنیا کی سب سے بڑی نام نہاد جمہوریت میں کیا ہورہا ہے۔

سردار مسعود خان نے کہا کہ ہمیں اپنے ان بھائیوں کے شانہ بشانہ کھڑے ہونا چاہئے جو بھارتی تسلط سے آزادی کیلئے جدوجہد کررہے ہیں۔

اس موقع پر برطانیہ کے دارالامراء کے رکن لارڈز نذیر احمد نے کہا کہ بھارت کشمیریوں کے آزادی کے حقیقی مطالبے کو دبانے کیلئے مقبوضہ کشمیر میں ناقابل برداشت حربے استعمال کررہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ بھارت کشمیری حریت پسندوں کو دہشتگرد قرار دے کر عالمی برادری کو گمراہ کررہا ہے۔ مودی حکومت کی جانب سے عالمی برادری کی آنکھوں میں دھول جھونکنے کو مناسب اندازمیں بے نقاب کرنے کی ضرورت ہے۔

انہوں نے کہا کہ بھارت نے شہداء کی میتوں اور گھروں کو آتش گیر مادے سے جلایا ہے جس سے کیمیائی ہتھیاروں کے استعمال کے شک کو تقویت ملتی ہے۔انہوں نے کہا کہ اس سے غیر انسانی اور وحشیانہ ذرائع کے استعمال سے بھارت کی جانب سے انسانی حقوق کی وسیع پیمانے پر خلاف ورزیوں کی عکاسی ہوتی ہے۔لارڈ نذیر احمد نے کہا کہ آر ایس ایس اور بھارتیہ جنتا پارٹی کی دیگر شاخوں نے بھارت میں اقلیتوں کیلئے زندگی اذیت ناک بنا دی ہے۔