مشترکہ حریت قیادت کی بھارتی حکومت کی طرف سے کشمیری عوام اور حریت رہنمائوں کے خلاف دہشت گردی کی تازہ لہر کی شدید مذمت
08 ستمبر 2017 (16:30)
0

مقبوضہ کشمیر میں سید علی گیلانی، میرواعظ عمرفاروق اورمحمد یاسین ملک پر مشتمل مشترکہ حریت قیادت نے بھارتی حکومت کی طرف سے کشمیری عوام اور حریت رہنمائوں کے خلاف دہشت گردی کی تازہ لہر کی شدید مذمت کی ہے ۔ حریت رہنمائوں نے سری نگر میں ایک بیان میں کہاکہ بھارت اپنی فوجی طاقت کے بل بوتے پر حریت قیادت پرزمین تنگ کرنے کی کوشش کررہا ہے ۔

انہوں نے کہاکہ حریت قیادت کولوگوں سے دور رکھنے کیلئے بھارت اوراس کے حواری کشمیر میں تمام غیرجمہوری اقدامات کررہے ہیں جبکہ جائز اختلاف رائے کو دبانے کیلئے بدترین قسم کے ظالمانہ اقدامات کیے جارہے ہیں ۔رہنمائوں نے کہاکہ بھارت کی قومی تحقیقاتی ایجنسی کی طرف سے چھاپوں کا بنیادی مقصد حریت قیادت اور مقبوضہ کشمیر کے عوام میں خوف پیداکرنا ہے۔

ادھرمقبوضہ کشمیر میں کل جماعتی حریت کانفرنس کے رہنما آغا حسن الموسوی کے سینکڑوں حامیوں نے بڈگام میں بھارت کے قومی تحقیقاتی ادارے کے اہلکاروں کو حریت رہنما کی رہائش گاہ سے دور جانے پرمجبور کردیا۔قومی تحقیقاتی ادارے کے اہلکاروں نے آغا سید حسن الموسوی کی رہائش گاہ پرچھاپہ مارا تھا ۔
کل جماعتی حریت کانفرنس کے رہنما کے حامیوں نے این آئی اے اور بھارت مخالف نعرے لگائے ۔