وفاقی کابینہ میں میانمار میں روہنگیا مسلمانوں کی خونریزی کی مذمت کیلئے قرار داد منظور
08 ستمبر 2017 (07:30)
0

وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کی زیر صدارت اسلام آباد میں وفاقی کابینہ نے ایک قرارداد کی منظوری دی ہے جس میں میانمار کے ریاستی اداروں کی براہ راست سرپرستی میں روہنگیا مسلمانوں کے قتل عام کی مذمت کی گئی ہے۔

قرارداد میں مزیدکہاگیا ہے کہ نہتے شہریوں کیخلاف ظالمانہ کارروائیاں نہ صرف ریاستی دہشت گردی ہے بلکہ تمام ملکوں اورمعاشروں کے اجتماعی انسانی ضمیر کیلئے سوالیہ نشان بھی ہے۔
قرار داد میں نوبل انعام یافتہ آنگ سان سوچی سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ میانمار میں ہونے والا ظلم و ستم بند کرانے کے لئے فوری اقدامات کریں جہاں ان کی پارٹی کی حکومت ہے۔
اقوام متحدہ سے بھی اپیل کی گئی ہے کہ روہنگیا مسلمانوں کا وحشیانہ قتل عام بند کرانے کیلئے فوری اقدامات کئے جائیں ۔
وفاقی کابینہ نے پاکستان اور بیلا روس کے درمیان فضائی خدمات کے معاہدے کی توثیق سمیت ایجنڈے پر موجود بعض امور کی بھی منظور ی دی۔