صدر ممنون نے کہا کہ وفاقی حکومت کراچی میں امن وامان کا مسئلہ حل کرنے میں سندھ حکومت کو ہرممکن مدد فراہم کر رہی ہے۔

حکومت کو بہت سے مسائل ورثے میں ملے ہیں:صدر
08 ستمبر 2014 (19:12)
0

صدر ممنون حسین نے یقین ظاہر کیا ہے کہ آئین اور جمہوریت کی حدود سے باہر جانے والے جلد واپس آ جائیں گے۔ آج (پیر) سہ پہر کراچی میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے سیاسی اختلافات کو سڑکوں اور گلیوں پر لانے کے رحجان پر افسوس ظاہر کیا۔  ممنون حسین نے کہا کہ موجودہ حکومت کو بہت سے مسائل ورثے میں ملے ہیں اور وہ ان مسائل سے نمٹنے کی بھرپور کوششیں کر رہی ہے۔


انہوں نے معاشرے کے تمام طبقوں سے کہا کہ وہ ٹیکس ادا کریں اور بدعنوانی کے خلاف بڑی مہم شروع کرنی چاہئیے۔ صدر نے کہا کہ وفاقی حکومت کراچی میں امن وامان کا مسئلہ حل کرنے میں سندھ حکومت کو ہرممکن مدد فراہم کر رہی ہے۔

 

صدر ممنون حسین نے اقتصادی صورتحال کے بارے میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ حکومت اقتصادی راہداری قائم کر رہی ہے جو ملک کو ترقی اور خوشحالی کی راہ پر گامزن کرے گی۔
بجلی کے بحران کے بارے میں انہوں نے کہا کہ حکومت چین کے تعاون سے بجلی پیدا کرنے کے کئی منصوبوں پر عملدرآمد کررہی ہے۔انہوں نے کہا کہ ان منصوبوں کی تکمیل کے بعد بائیس ہزار میگاواٹ بجلی پیدا ہو گی۔


ملک کی موجودہ سیاسی صورتحال کے بارے میں صدر نے کہا کہ کوئی بھی ملک سیاسی استحکام کے بغیر ترقی نہیں کر سکتا تاہم انہوںنے کہا کہ یہ بات حوصلہ افزاء ہے کہ تمام سیاسی جماعتیں مسائل کے حل کے لئے بات چیت کر رہی ہیں۔