نواز شریف نے کہا کہ آزادکشمیر کو سیاحتی مقام میں تبدیل کیا جائے گا

وزیراعظم کا سیلاب سےمتاثرہ افرادکی بحالی کاعزم
08 ستمبر 2014 (18:47)
0

 وزیراعظم نواز شریف نےآزادکشمیر میں راولاکوٹ کے سیلاب زدہ علاقوں کادورہ کیا اور بارشوں اور سیلاب سے ہونے والے نقصانات کا جائزہ لیا۔ اس سلسلے میں چیک تقسیم کرنے کی ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے سیلاب زدگان سے یکجہتی کا اظہار کیا۔ وفاقی حکومت آزادکشمیر کے سیلاب زدگان کی امداد اور بحالی کے لئے ہرممکن مدد فراہم کریگی۔


انہوں نے کہا کہ آزادکشمیر اور پنجاب میں شدید سیلاب اور طوفانی بارشوں سے بڑے پیمانے پر تباہی ہوئی ہے۔ وزیراعظم نے کہا کہ شدید تباہی کی بڑی وجہ یہ ہے کہ پاکستان نے اپنی گنجائش سے کہیں زیادہ پانی وصول کیا ہے۔پنجاب کے عوام کو بھی مشکلات کا سامنا ہے۔  نواز شریف نے کہا کہ دھرنوں کی سیاست کے باوجود ملکی معیشت کی ترقی کا سفر جاری رہے گا۔ انہوں نے کہا کہ قوم سمجھتی ہے کہ دھرنوں کا مقصد ترقی کا راستہ روکنا ہے۔

 

وزیراعظم نے کہا کہ انہوں نے آزادکشمیر کیلئے دوررس ترقی کا منصوبہ تیار کرنے کے احکامات دیئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بیس سالہ منصوبے میں زراعت ، صنعت ، مواصلات اور سیاحت سمیت علاقائی ترقی کے تمام شعبے شامل ہونے چاہئیں۔ انہوں نے کہا کہ آزادکشمیر کو سیاحتی مقام میں تبدیل کیا جائے گا۔ وزیراعظم نے یقین دلایا کہ حکومت پاکستان منصوبے پر عملدرآمد کیلئے تمام بڑے وسائل فراہم کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ اسلام آباد مظفرآباد ریلوے منصوبے کے لئے Consultants مقرر کر لئے گئے ہیں اور اس کے قابل عمل ہونے کا منصوبہ اگلے سال جنوری میں تیار ہو جائے گا۔ انہوں نے منصوبے کو دو سال میں مکمل کرنے کی ہدایات بھی دیں۔

 

وزیراعظم نواز شریف نے مظفرآباد تا میرپور ایکسپریس وے کی تعمیرخواہش ظاہر کی اور کہا کہ اسلام آباد مری ایکسپریس وے کو مظفرآباد تک توسیع دی جائے گی۔ نیلم جہلم توانائی منصوبے کے حوالے سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ 2017 کی بجائے منصوبے کو 2016 تک مکمل کرنے کی ہدایات جاری کر دی گئی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ منصوبے کی تکمیل کے بعد آزادکشمیر اپنی علاقائی ، تجارتی اور صنعتی ضروریات پوری کرنے کیلئے توانائی کی مناسب مقدار حاصل کر سکے گا۔


اس سے پہلے آزاد کشمیر کے صدر سردار یعقوب نے آزادکشمیر کے عوام کی جانب سے علاقے کی ترقی کے سلسلے میں خصوصی توجہ دینے پر وزیراعظم کا شکریہ ادا کیا۔
اس موقع پر وزیراعظم آزادکشمیر چوہدری عبدالمجید نے کہا کہ مشکل کی اس گھڑی میں آزادکشمیر حکومت وفاقی حکومت کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔ انہوں نے دھرنوں کو پاکستان کمزور کرنے کی کوشش قرار دیا۔