تحریک انصاف نے4سال کے دوران خیبر پختونخوا کے عوام کی کوئی خدمت نہیں کی،مریم اورنگزیب
08 مئی 2017 (22:01)
0

اطلاعات کی وزیر مملکت مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ تحریک انصاف نے گزشتہ چار سال کے دوران خیبرپختونخواء میں عوام کی کوئی خدمت نہیں کی اور لوگوں کا محض وقت ضائع کیا ہے۔
انہوں نے یہ بات آج اسلام آباد میں سپریم کورٹ میں تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان اور سیکرٹری جنرل جہانگیر ترین کے خلاف آف شور کمپنیوں سے متعلق مقدمے کی سماعت کے بعد صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہی۔
انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف کے سربراہ کو اداروں کو بدنام کرنے اور ترقیاتی عمل میں خلل ڈالنے پر پاکستان عوام کو جواب دینا ہو گا۔
وزیر مملکت نے کہا کہ تحریک انصاف کے رہنماء گزشتہ چار سال سے مسلم لیگ ن کی قیادت پر بے بنیاد الزامات لگا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اب انہیں عدالت عظمیٰ اور الیکشن کمیشن میں بدعنوانی کے الزامات کا سامنا کرنا چاہئیے۔
وفاقی دارالحکومت کے انتظام اور ترقی کے وزیرمملکت طارق فضل چوہدری نے صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان بدعنوانی کے معاملے پر دہرا معیار اختیار کررہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف کے چیئرمین آف شور کمپنیوںکے قیام کی آڑ میں دوسروں پر ٹیکس چوری کے الزامات عائد کرتے ہیں لیکن اپنی آف شور کمپنیوں کو ٹیکس سے بچنے کا ذریعہ قرار دیتے ہیں۔
کیس کے درخواست گزار مسلم لیگ ن کے رہنماء حنیف عباسی نے کہا کہ ان کی طرف سے کیس دائر کرنے کا مقصد تحریک انصاف کی قیادت کا اصل چہرہ بے نقاب کرنا ہے۔
دانیال عزیز نے کہا کہ عمران خان نے نوے دن میں بدعنوانی کے خاتمے کا دعویٰ کیا تاہم سب کو علم ہے کہ انہوں نے خیبرپختونخواء میں احتساب کمیشن کے ساتھ کیا گیا۔