ترجمان نے کہا کہ وزیراعظم نے اس بات پر زور دیا تھا کہ ماضی میں برسراقتدار رہنے والے قوم کی خدمت کرنے کے دعویدار عناصر کا احتساب ہونا چاہئیے جنہوں نے قوم کا پیسہ لوٹا ۔

حکومت نے تمام منصوبوں میں میرٹ اور شفافیت یقینی بنائی، ترجمان
08 مئی 2017 (20:05)
0

وزیراعظم کے ترجمان نے وضاحت کی ہے کہ وزیراعظم کے گزشتہ ہفتے کے روز اسلام آباد کے نئے بین الاقوامی ہوائی اڈے کے دورے کے موقع پر صحافیوں کی طرف سے پوچھے گئے ایک سوال پر وزیراعظم کے جواب کوغلط رنگ دیا گیا ہے۔
انہوں نے ایک بیان میں کہا کہ وزیراعظم نے اس بات پر زور دیا تھا کہ ماضی میں برسراقتدار رہنے والے قوم کی خدمت کرنے کے دعویدار عناصر کا احتساب ہونا چاہئیے جنہوں نے قوم کا پیسہ لوٹا ۔
ترجمان نے کہا کہ وزیراعظم نے سابق حکومتوں کے احتساب کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا تھا کہ یہ معاملات اپنے منطقی انجام تک پہنچائے جائیں۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ بدعنوانی کے خاتمے کیلئے حکومت کا عزم اس امر سے آشکار ہے کہ موجودہ حکومت کی طرف سے مختلف شعبوں میں بڑے منصوبوں کی تکمیل کے باوجود بدعنوانی کا کوئی اسکینڈل سامنے نہیں آیا۔
حکومت نے تمام منصوبوں میں میرٹ اور شفافیت یقینی بنائی ہے اور قومی خزانے میں اربوں روپے کی بچت کی ہے۔
ترجمان نے کہا کہ ملک میں قانونی کی حکمرانی ہے اور تمام ادارے بلاخوف وخطر اپنے فرائض انجام دے رہے ہیں۔