نواز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان میں تجارت، کاروبار، سرمایہ کاری اوردوسرے اقتصادی شعبوں میں تعاون بڑھانے کے وسیع تر مواقع ہیں۔

08 مئی 2017 (15:14)
0

وزیراعظم نواز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان اومان کے ساتھ اپنے برادرانہ تعلقات کو انتہائی اہمیت دیتا ہے ۔وہ اومان کے وزیر خارجہ یوسف بن علاوی بن عبداللہ سے گفتگو کررہے تھے جنہوں نے آج اسلام آباد میں ان سے ملاقات کی۔ وزیراعظم نے کہاکہ سلطان قابوس کی قیادت میں اومان تمام شعبوں میں مسلسل ترقی کررہا ہے انہوں نے سلطان قابوس کی طرف سے پاکستان کے ساتھ تعلقات کوخصوصی اہمیت دئیے جانے کو سراہا۔

نوازشریف نے کہا کہ وزرائے خارجہ کی سطح پر دونوں ملکوں کے درمیان باقاعدہ سیاسی بات چیت سے سیاسی تذویراتی اور اقتصادی مفادات کے تمام شعبوںکے بارے میں جامع تبادلہ خیال کے لئے ایک بہترین فورم میسرآئے گا، انہوںنے کہاکہ تجارت، کاروبار، سرمایہ کاری اوردوسرے اقتصادی شعبوں میں تعاون بڑھانے کے وسیع تر مواقع ہیں۔
پاکستان اور اومان کی بندرگاہوں کے درمیان قریبی تعاون قائم کرنے میںاومان کی گہری دلچسپی کوسراہتے ہوئے وزیراعظم نے کہاکہ دونوںملکوں کے درمیان حکومتی سطح پر روابط اور سمندر کے ذریعے تجارت کے آغاز سے ایک مکمل نیا شعبہ کھلے گا جس سے عوامی سطح پرروابط اور دوطرفہ تجارت کو فروغ ملے گا۔
یوسف بن علاوی بن عبداللہ نے وزیراعظم کی قیادت کو سراہا جس نے پاکستان کو سماجی، اقتصادی ترقی، اقتصادی استحکام کی راہ پر گامزن کردیا ہے جو ملک کے بنیادی ڈھانچے کو جدید خطوط پر ترقی دے رہی ہے ۔