الیکشن کمیشن کے دائرہ سماعت کو چیلنج کرنے سے متعلق تحریک انصاف کی طرف سے دائر درخواست مسترد کردی گئی ۔

تحریک انصاف کی غیر ملکی فنڈنگ سے متعلق مقدمے کی سماعت الیکشن کمیشن کے دائرہ اختیار میں ہے: سردار محمد رضا
08 مئی 2017 (12:35)
0

چیف الیکشن کمشنر سردار محمد رضا خان نے کہا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف کی غیر ملکی فنڈنگ سے متعلق مقدمے کی سماعت الیکشن کمیشن کے دائرہ اختیار میں ہے ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے آج اسلام آباد میں غیرملکی فنڈنگ کے مقدمے کی سماعت کے دوران کیا۔ الیکشن کمیشن کے دائرہ سماعت کو چیلنج کرنے سے متعلق پاکستان تحریک انصاف کی طرف سے دائر درخواست مسترد کردی۔بعد میں سماعت اس ماہ کی 17 تاریخ تک ملتوی کردی گئی۔
سماعت کے بعد صحافیوں سے باتیں کرتے ہوئے پاکستان تحریک انصاف کے بانی رکن اکبر ایس بابر نے کہاکہ پاکستان تحریک انصاف اپنی غیر ملکی فنڈنگ سے متعلق کوئی ثبوت پیش نہیں کرسکی۔انہوں نے کہاکہ پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین کو خود احتساب کیلئے پیش ہونا چاہیے۔

پاکستان مسلم لیگ(ن) کے رہنما دانیال عزیز نے کہا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف نے سیاست میں غیرملکی فنڈنگ متعارف کرائی۔وہ آج اسلام آباد میں صحافیوں سے باتیں کررہے تھے۔انہوں نے کہا پاکستان تحریک انصاف کے پاس فنڈ کا کوئی حساب کتاب نہیں ہے ۔