صدر مملکت نے کہا کہ ترقی اور خوشحالی یقینی بنانے کیلئے معاشرے میں عدم برداشت اور بدعنوانی کے ناسور پرقابو پانا ناگزیر ہے۔

دانشور انتہا پسندی،دہشت گردی کے خاتمہ کیلئے کردار ادا کریں،صدر ممنون
08 مارچ 2017 (18:36)
0

صدر ممنون حسین نے ادیبوں اور شاعروں پر زور دیا ہے کہ وہ انتہاپسندی اور دہشتگردی کے خلاف فکرانگیز تحریروں کے ذریعے اپنا بھرپور کردار ادا کریں۔
انہوں نے یہ بات بدھ کے روز اسلام آباد میں عالمی مشاعرہ2017 کی انتظامی کمیٹی کے ارکان سے ملاقات میں کہی۔
صدر نے کہا کہ ملک کی ترقی اور خوشحالی یقینی بنانے کے لئے معاشرے میں عدم برداشت اور بدعنوانی کے ناسور پر قابو پانا ناگزیر اور یہ صرف قائد اعظم اور علامہ اقبال کے افکار کو فروغ دے کر ہی ممکن ہے۔ انہوں نے کہا کہ شاعر اور ادیب اس سلسلے میں اہم کردار ادا کر سکتے ہیں۔
صدر نے کہا کہ شعراء اور ادباء کو چاہئیے کہ وہ علامہ اقبال کے نقش قدم کی پیروی کر کے قومی مقاصد اور معاشرے کو درپیش مسائل اجاگر کرنے چاہئیں۔
اس موقع پر عالمی مشاعرہ کی انتظامی کمیٹی کے ارکان نے صدر کو اپنے مسائل سے بھی آگاہ کیا۔ صدر نے متعلقہ محکمے کو ان کے مسائل حل کرنے کی ہدایت کی۔