File Photo

غیر معیاری ادویات کیخلاف عدم برداشت کی پالیسی اختیار کی گئی،قومی اسمبلی کو یقین دہانی
08 مارچ 2017 (12:27)
0

قومی اسمبلی کو بتایاگیا ہے کہ ڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی نے غیر معیاری ادویات کی تیاری میں ملوث عناصر کے خلاف عدم برداشت کی پالیسی اپنا رکھی ہے۔

وقفہ سوالات کے دوران نیشنل ہیلتھ سروسز کے پارلیمانی سیکرٹری ڈاکٹر درشن نے ایوان کو بتایا کہ اتھارٹی نے گزشتہ چار سال کے دوران غیر معیاری ادویات تیار کرنے والی 89 کمپنیوں کی رجسٹریشن منسوخ یا معطل کی ہے۔
انہوں نے بتایا کہ اس عرصے کے دوران ادویات سازی کے اٹھارہ لائسنس بھی منسوخ کئے گئے۔

ایک سوال پر پانی و بجلی کے وزیر مملکت عابد شیر علی نے ایوان کو بتایا کہ حکومت نے آئندہ موسم گرما کے آغاز سے پہلے بجلی کے نظام کوجدیدبنانے کیلئے متعدد اقدامات کئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ان فیڈروں کے سوا جہاں بجلی چوری اور زیادہ لائن لاسز کی شکایات ہیں شہری علاقوں میں تین گھنٹے اور دیہی علاقوں میں چا ر سے چھ گھنٹے لوڈ شیڈنگ کی جارہی ہے۔
ایک سوال کے جواب میں عابد شیر علی نے کہا کہ نیلم جہلم پن بجلی منصوبے کی 256 میگاواٹ کی پہلی ٹربائین اس سال کے اختتام تک فعال ہوجائے گی۔

خواتین کے عالمی دن کے حوالے سے اظہار خیال کرتے ہوئے ارکان اسمبلی نے خواتین کو ملک کی ترقی میں خدمات انجام دینے پر زبردست خراج عقیدت پیش کیا۔
انہوں نے دنیا بھر کی خواتین خصوصاً ان مسلمان خواتین کو خراج عقیدت پیش کیا جنہوں نے مختلف شعبوں میں نمایاں خدمات انجام دی ہیں۔
انہوں نے کہا خواتین نے پاکستان کی آزادی میں اہم کردار ادا کیا، انہوں نے شہید بے نظیر بھٹو اور بیگم کلثوم نواز سمیت جمہوریت کیلئے جدوجہد کرنے والی خواتین کو خراج تحسین پیش کیا۔
انہوں نے حکومت پر زور دیا کہ وہ خواتین کیخلاف تشدد کے خاتمے کے لئے اقدامات کرے۔