نفس زکریا نے بھارت کو کسی بھی سٹریٹجک غلط فہمی سے خبردار کیا۔

بھارتی ہٹ دھرمی علاقائی امن وسلامتی کیلئے خطرہ ہے،پاکستان
08 جون 2017 (17:46)
0

پاکستان نے کہا ہے کہ اس نے ہمیشہ صبروتحمل کا مظاہرہ کیا ہے لیکن بھارت کی ہٹ دھر می علاقائی امن و سلامتی کیلئے خطرہ ہے۔
دفتر خارجہ کے ترجمان نفیس زکریا نے جمعرات کے روز اسلام آباد میں ہفتہ وار نیوز بریفنگ میں سوالات کے جواب میں بھارت کو خبردارکیا کہ وہ کسی سٹرٹیجک غلط فہمی میں نہ رہے۔
انہوں نے کہاکہ بظاہر لگتا ہے کہ بھارت پاکستان سے متنازعہ چاہتاہے
نفیس ذکریا نے کہا کہ بھارت مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں سے دنیا کی توجہ ہٹانے کیلئے جان بوجھ کر کشیدگی میں اضافہ کررہا ہے۔
ترجمان نے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل ، اقوام متحدہ کے رکن ممالک اور انسانی حقوق کی تنظیموں سے کہا کہ وہ بھارتی فوج کے ہاتھوں انسانیت کے خلاف جرائم اور انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کے ارتکاب پر بھارت کی بازپرس کریں۔
ایک سوال کے جواب میں ترجمان نے کہا کہ پاکستان پانچ عشروں سے زائد عرصے سے بھارت کی سرکاری پشت پناہی میں دہشت گردی کا شکارہے ۔ انہوں نے کہا کہ بھارت افغان سرزمین پاکستان کے خلاف استعمال کررہا ہے اور پاکستان اور افغانستان کے تعلقات کو بھی نقصان پہنچا رہا ہے۔
ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا پاکستان سمجھتا ہے کہ افغانوں کے زیرقیادت مقامی امن عمل پرمبنی سیاسی تصفیہ ہی افغان تنازعے کا واحد حل ہے۔
سعودی عرب اور قطر کے درمیان کشیدگی کے بارے میں ترجمان نے کہاکہ پاکستان مسلم ممالک کے درمیان اتحاد پریقین رکھتا ہے اور اس نے اس مقصد کیلئے ٹھوس کوششیں کی ہیں انہوں نے کہاکہ پاکستان کو خلیج کے نئے حالات پرتشویش ہے۔