File Photo

وزیراعظم نوازشریف قازخستان میں شنگھائی تعاون تنظیم کے اجلاس میں شرکت کریں گے
08 جون 2017 (07:28)
0

وزیراعظم محمد نوازشریف قازخستان کے دارالحکومت آستانہ میں شنگھائی تعاون تنظیم کی سٹیٹ کونسل کے سربراہان کے دو روزہ اجلاس میں شرکت کریں گے اجلاس آج شروع ہورہاہے۔

سٹیٹس کونسل کے سربراہان شنگھائی تعاون تنظیم کا سب سے اعلیٰ فیصلہ ساز ادارہ ہے جس کا ہر سال اجلاس ہوتا ہے۔ پاکستان کو شنگھائی تعاون تنظیم میں مبصر کا درجہ حاصل ہے اور آستانہ اجلاس میں اسے مکمل رکنیت دے دی جائے گی۔
پاکستان کو رکنیت دینے کا فیصلہ 2015 میں روس کے شہر اوفا میں سربراہان مملکت کے اجلاس میں کیاگیا تھا۔  شنگھائی تعاون تنظیم کے سربراہ اجلاس کے موقع پر وزیراعظم اجلاس میں شریک دیگر رہنمائوں سے بھی کئی دوطرفہ ملاقاتیں کریں گے۔
شنگھائی تعاون تنظیم کے سربراہ اجلاس کے علاوہ قازخستان انٹر نیشنل ایکسپو2017 کی میزبانی بھی کررہا ہے جس میں پاکستان سمیت سو سے زیادہ ممالک شرکت کررہے ہیں ،وزیراعظم شنگھائی تعاون تنظیم کے دیگر سربراہان مملکت کے ہمراہ نمائش کی افتتاحی تقریب میں شرکت کریں گے۔