ایدھی مصنوعی تنفس پر،وزیراعظم کی صحت یابی کیلئے دعا کی اپیل
08 جولائی 2016 (20:25)
0

وزیر اعظم نواز شریف نے قوم سے معروف سماجی شخصیت عبد الستار ایدھی کی صحت یابی کیلئے دعاکی اپیل کی ہے۔
ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ عبد الستار ایدھی جیسے افراد بہت کم ہیں جنہوں نے پاکستانی عوام کی زندگیوں اور بودوباش میں بہتری کیلئے گرانقدر خدمات انجام دی ہیں۔ انکی انتھک کوششوں کی وجہ سے ہزاروں قیمتی انسانی جانوں کو بچانے میں مدد ملی ہے اور اس سے ہم پر یہ حقیقت آشکار ہوئی ہے کہ انسانیت کی فلاح و بہبود کیلئے کام کرنے کی کیا اہمیت ہے۔
وزیر اعظم نے کہا کہ اپنی تمام ترکامیابیوں کے باوجود عبد الستار ایدھی نے ہمیشہ عاجزی و انکساری اختیار کی اور ایک چھوٹے سے گھر میں سادہ زندگی پر کی۔
نواز شریف نے اللہ تعالیٰ سے دعا کی کہ وہ ان کو جلد صحت یابی کاملہ عطا فرمائے تاکہ وہ اسی جذبے سے دوبارہ انسانیت کی خدمت کر سکیں۔
وزیر اعظم نے کہا کہ عبد الستار ایدھی ایک محب وطن پاکستانی ہیں اور انسانیت کیلئے انکی گرانقدر خدمات داد و تحسین کی مستحق ہیں۔
جمعہ کی شام عبد الستار ایدھی کی حالت خراب ہونے کی اطلاعات کے بعد وزیراعظم نے یہ اپیل کی ہے ۔
انکی اہلیہ بلقیس ایدھی اور صاحبزادے فیصل ایدھی نے کراچی میں ایک نیوز کانفرنس میں بتایا کہ عبد الستار ایدھی کی صحت بگڑنے کے بعد انہیں سندھ انسٹی ٹیوٹ آف نورولوجی اینڈ ٹرانسپلانٹیشن میں منتقل کر دیا گیا جہاں انہیں انتہائی نگہداشت کے وارڈ میں مصنوعی آکسیجن لگی ہوئی ہے۔
انہوں نے عوام سے دعائے صحت کی اپیل کی ہے۔