انجیلا مرکل نے کہاکہ جرمن پاکستان کے ساتھ تعلقات کو بڑی اہمیت دیتا ہے اور انہیں مزید مضبوط بنانا چاہتاہے۔

پاکستان،جرمنی کا پارلیمانی تعلقات کے فروغ پر اتفاق
08 جولائی 2016 (19:26)
0

قومی اسمبلی کے سپیکر سردار ایاز صادق نے جرمنی کے شہر برلن میں جرمن چانسلر انجیلامرکل سے ملاقات کی۔

انہوں نے دونوں ملکوں کے باہمی تعلقات پر اطمینان ظاہرکیا۔
سردار ایاز صادق نے کہا کہ پاکستان اور جرمنی کے درمیان قریبی تعلقات مشترکہ مفادات پر مبنی ہیں اور اہم عالمی امور پر دونوں ملکوںکا نقطہ نظر یکساں ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان عوامی روابط اور پارلیمانی تعاون کے ذریعے اپنے موجودہ تعلقات کومزید فروغ دینا چاہتاہے۔
سپیکر نے کہا کہ دہشت گردی اور انتہا پسندی سے خطے اور دنیا بھر کے امن و استحکام کو شدید خطرہ لاحق ہے اور عالمی برادری آپس میں قریبی تعاون سے اس خطرے کو دورکرسکتی ہے انہوں نے پاکستان عالمی امن و سلامتی کیلئے بے مثال قربانیاں دے رہا ہے۔
سردارایاز صادق نے قریبی تعاون کیلئے ارکان پارلیمنٹ' دانشوروں اور تاجروں کے د رمیان رابطے بڑھانے کی ضرورت پرزور دیا انہوں نے پاکستان کے ساتھ دوطرفہ تعلقات کو وسعت دینے میں گہری دلچسپی لینے پر جرمن کی قیادت کی تعریف کی۔
جرمن چانسلر نے کہاکہ جرمن بھی پاکستان کے ساتھ تعلقات کو بڑی اہمیت دیتا ہے اور انہیں مزید مضبوط بنانا چاہتاہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان خطے کا ایک اہم ملک ہے اور جرمنی پاکستان کو ایک خوشحال اورمستحکم ملک دیکھنا چاہتاہے جوخطے اور دنیا کے مفاد میں بھی ہے۔
انجیلامرکل نے دونوں ملکوں کے ارکان پارلیمنٹ کے درمیان تعلقات کوفروغ دینے پراتفاق کیا انہوں نے قومی اسمبلی کے سپیکر کو یقین دلایا کہ جرمنی مختلف شعبوں میں پاکستان کے ساتھ مسلسل تعاون اور حمایت جاری رکھے گا۔