وزیراعظم کے فوکل پرسن نے سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں امداد اور بحالی کی کارروائیوں کا جائزہ لیا۔

سیلاب متاثرین کی بحالی کیلئے تمام ممکنہ کوششیں کی جائینگی:امیر مقام
08 جولائی 2016 (18:38)
0

چترال کے سیلاب زدہ علاقوں میں امدادی کارروائیوں کے بارے میں وزیراعظم کے فوکل پرسن امیرمقام نے کہا ہے کہ دروش کے متاثرین سیلاب کی بحالی کیلئے تمام ممکنہ کوششیں کی جائیں گی۔
انہوں نے یہ بات جمعہ کے روز چترال میں ایک اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی جس میں سیلاب سے متاثرہ علاقوںمیں امداد اور بحالی کی کارروائیوں کا جائزہ لیا گیا۔
انہوںنے کہا کہ میں وزیراعظم محمد نوازشریف کی ہدایات کے مطابق امدادی کارروائیوں کی نگرانی کے لئے علاقے کا دورہ کررہاہوں۔
امیرمقام نے کہاکہ سیلاب زدہ علاقوں میں ترجیحی بنیاد پر بجلی کی فراہمی بحال کی جائے گی۔
انہوں نے کہا کہ وہ وزیراعظم کی لندن سے واپسی پر ان سے ملاقات کریں گے اور انہیں چترال میں سیلاب کی تباہ کاریوں سے آگاہ کریں گے۔
اس سے پہلے چترال کے ڈپٹی کمشنر نے فوکل پرسن کو چترال میں سیلاب سے ہونے والی تباہی اور امدادی سرگرمیوں کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی۔
انہوں نے بتایاکہ نو پلوں اور بائیس سڑکوں کی تعمیر کے لئے پانچ کروڑ روپے کی ایک سمری بھجوائی گئی ہے جبکہ پی ڈی ایم اے نے متاثرین سیلاب کے لئے ایک کروڑ روپے جاری کر دیئے ہیں۔
ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ متاثرین سیلاب کی رہائش کے لئے پانچ سو عارضی گھروں کی فوری ضرورت ہے۔
بعد میں انجینئر امیر مقام نے سیلاب سے متاثرہ وادیURSON کا دورہ کیا تھا اور وہاں امدادی کارروائیوں کا جائزہ لیا۔
انہوں نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ شہری سہولتیں جلد از جلد بحال کرنے کیلئے امدادی اور بحالی کی کوششیں تیز کی جائیں ۔