اوسلو میں نوبل انعام یافتہ ملالہ یوسف زئی سے گفتگو کرتے ہوئے نوازشریف نے کہا کہ خواتین بچوں اور اقلیتوں کے حقوق کے فروغ کیلئے اہم اقدامات کئے گئے ہیں۔

حکومت تعلیم کامعیاربہتربنانے کیلئے پرعزم ہے:وزیراعظم
08 جولائی 2015 (14:03)
0

وزیراعظم محمد نواز شریف نے کہاہے کہ حکومت تعلیم کا معیار بہتر بنانے اور صنفی مساوات یقینی بنانے کیلئے پرعزم ہے۔  بدھ کو اوسلو میں نوبل انعام یافتہ ملالہ یوسف زئی سے باتیں کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ خواتین بچوں اور اقلیتوں کے حقوق کے فروغ کیلئے اہم اقدامات کئے گئے ہیں۔  انہوں نے کہا کہ حکومت نے تعلیمی اخراجات کو مجموعی ملکی پیداوار کے چار فیصد تک بڑھانے کا تہیہ کررکھا ہے۔  انہوں نے تعلیم کے فروغ کے نصب العین کے لئے ملالہ کی ذاتی دلچسپی کو سراہا۔


نواز شریف نے کہا کہ حکومت نے دہشت گردی کے خاتمے کا پختہ عزم کررکھا ہے جس سے سب کیلئے بہتر تعلیم کی فراہمی کے خواب کو حقیقت میں بدلنے میں مدد ملے گی ، دہشت گردوں کے ہاتھوں متاثر ہونے والوں کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی۔  انہوں نے کہا کہ دہشت گرد اب فرار ہورہے ہیں اور ان کی پناہ گاہیں اور ٹھکانے تباہ کردئیے گئے ہیں۔  انہوں نے ملالہ کو نوبل امن ایوارڈ حاصل کرنے پر ایک بار پھر مبارکباد دیتے ہوئے انہیں پاکستان کیلئے باعث فخر قرار دیا۔


ملالہ نے ملک میں تعلیم کی حالت بہتر بنانے کیلئے حکومت کی طر ف سے کئے گئے اقدامات کو سراہا۔  انہوں نے کہاکہ چین اقتصادی راہداری سے پاکستان کے تمام حصوں میں رہنے والے لوگ خوشحال ہوںگے۔