وفاقی وزیر منصوبہ بندی و ترقی اصلاحات نے کہاہے کہ توانائی، انفراسٹرکچر، بندرگاہ کے منصوبے پاکستان میں صنعتی انقلاب کی بنیاد رکھیں گے۔

چین پاکستان اقتصادی راہداری منصوبہ تیزی سے حقیقت میں ڈھل رہا ہے: احسن اقبال
08 اپریل 2017 (08:20)
0

وفاقی وزیر منصوبہ بندی و ترقی اصلاحات احسن اقبال نے کہا ہے کہ چین پاکستان اقتصادی راہداری منصوبہ تیزی سے حقیقت میں ڈھل رہا ہے اور اس کے خلاف کوئی سازش کامیاب نہیں ہو سکتی۔گوادر چیمبر آف کامرس کے سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ سی پیک کی منزل پاکستان میں صنعتی انقلاب پیدا کرنا ہے ۔ توانائی، انفراسٹرکچر، بندرگاہ کے منصوبے پاکستان میں صنعتی انقلاب کی بنیاد رکھیں گے۔

انہوں نے کہا کہ چین سے 85 ملین روزگار کم پیداواری لاگت کے ممالک کو منتقل ہو گا، سی پیک کے ذریعہ ہم اس کا خطیر حصہ حاصل کر سکتے ہیں، گوادر کو جدید ترین پورٹ سٹی بنانے کے لئے ماسٹر پلان پر کام شروع ہو چکا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ گوادر میں نئے ائیر پورٹ کی تعمیر سال رواں میں شروع ہو جائیگی، گوادر تا کوئٹہ اور گوادر تا رتوڈیرو شاہراہوں کی تکمیل بلوچستان کو ترقی سے جوڑنے میں کلیدی کردار ادا کر رہی ہے ۔انہوں نے کہاکہ پاکستانی قوم چین پاکستان اقتصادی راہداری منصوبے کی حفاظت کے لئے کمر بستہ ہو چکی ہے ۔