کابینہ کی توانائی کمیٹی کو بتایا گیا کہ ایک ایل این جی ٹرمینل قائم کر دیا گیا ہے جبکہ دوسرا ٹرمینل اگلے مہینے مکمل ہو جائے گا۔

وزیراعظم کی ایل این جی منصوبے جلد مکمل کرنے کی ہدایت
08 اپریل 2015 (14:27)
0

وزیراعظم نواز شریف نے مائع قدرتی گیس سے چلنے والے منصوبے جلد مکمل کرنے کی ہدایت کی ہےآج اسلام آباد میں توانائی کے بارے میں کابینہ کمیٹی کے بارہویں اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ تین ہزار چھ سو میگاواٹ کے کمبائنڈ سائیکل بجلی گھر مقررہ مدت میں مکمل کئے جانے چاہئیں۔اجلاس کو بتایا گیا کہ ایک ایل این جی ٹرمینل قائم کر دیا گیا ہے جبکہ دوسرا ٹرمینل اگلے مہینے مکمل ہو جائے گا۔پاکستانی کمپنیوں نے دونوں منصوبوں پر ایک ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کی ہے۔


کمیٹی کو بتایا گیا کہ گیارہ سو کلومیٹر طویل شمال جنوب گیس پائپ لائن منصوبہ دو ہزار سترہ کے پہلے چھ ماہ میں مکمل کیا جائے گا۔وزیراعظم نے وزراء کو ہدایت کی کہ وہ صوبائی وزرائے اعلیٰ کے ساتھ ملاقاتیں کریں اور انہیں دکانوں ، شادی ہالوں اور ریستورانوں کو جلد بند کرنے سمیت بجلی کی بچت اور ضرورت کی اہمیت سے متعلق تفصیلی بریفنگ دیں۔انہوں نے پانی وبجلی کی وزارت کو بھی ہدایت کی کہ وہ بجلی کی بچت کے بارے میں عوام میں آگاہی پیدا کرنے سے متعلق اقدامات کرے۔


اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ اسلام آباد میں شادی کی تقریبات رات دس بجے تک ختم کرنے ، دکانیںرات آٹھ بجے تک اور ریستوران رات گیارہ بجے تک بند کرنے کیلئے کہا جائے گا تاکہ بجلی بچائی جا سکے۔اسی طرح کا طریقہ کار پنجاب میں بھی اپنایا جائے گا تاکہ سینکڑوں میگاواٹ بجلی بچا کر دوسرے صوبوں کیلئے مثال قائم کی جائے۔اجلاس میں فیصلہ کیا گیابجلی کے ایسے آلات متعارف کرانے کی حوصلہ افزائی کی جائے گی جن کے استعمال سے بجلی کم سے کم خرچ ہو۔