کشمیر کو فرقہ وارانہ بنیادوں پر تقسیم کرنے کی سازش ناکام بنادی جائیگی:حریت رہنما
08 اپریل 2015 (19:47)
0

مقبوضہ کشمیر میں حریت رہنمائوں نے کہا ہے کہ کشمیر کو فرقہ وارانہ بنیادوں پر تقسیم کرنے کی کوئی بھی سازش ناکام بنادی جائے گی۔
میر واعظ عمر فاروق ، سید علی گیلانی ، شبیر احمد شاہ اور محمد یاسین ملک نے وادی میں مہاجر ہندو پنڈتوں کیلئے علیحدہ بستیاں آباد کرنے کے بھارتی منصوبے کے خلاف اپنے رد عمل کا اظہار کررہے تھے۔


اپنے الگ الگ بیانات میں رہنمائوں نے کہا کہ کشمیری عوام پنڈتوں کی وادی میں اپنے علاقوں میں واپسی کے خلاف نہیں تاہم ان کیلئے الگ بستیاں آباد کرنے کے خلاف ہیں۔ اُنہوں نے کہا کہ کٹھ پتلی وزیراعلیٰ مفتی محمد سعید ہندو انتہا پسند تنظیموں راشٹریہ سیوک سنگھ اور بھارتیہ جنتا پارٹی کے ہاتھوں کھلونا بنتے ہوئے ان کے فرقہ واریت کی بنیادپر تقسیم کے ایجنڈے پر عمل پیراہیں۔


حریت رہنمائوں نے ہندومہاجرین کیلئے مجوزہ بستیوں کے منصوبے کے خلاف جمعے کو احتجاجی مظاہروں اور ہفتے کے دن مکمل ہڑتال کی اپیل بھی کی۔ حریت رہنمائوں ظفر اکبر بٹ اور جہانگیر غنی بٹ نے پلوامہ اور بڈگام میں عوامی اجتماعات سے خطاب کرتے ہوئے بھارت سے مطالبہ کیا کہ وہ کشمیریوں کو ان کا ناقابل تنسیخ ، حق خودارادیت دینے کا اپنا وعدہ پورا کرے۔