یہ اتفاق رائے قومی سلامتی اور خارجہ امور کے بارے میں وزیراعظم کے مشیر اور ایران کے وزیر خارجہ کے درمیان مذاکرات میں ہوا۔

پاکستان،ایران یمن بحران کے حل کیلئے مشترکہ کوششیں جاری رکھنے پر متفق
08 اپریل 2015 (21:55)
0

پاکستان اور ایران نے سیاسی اور سفارتی ذرائع سے یمن کے بحران کے پر امن حل کیلئے مشترکہ کوششیں جاری رکھنے پر اتفاق کیا ہے۔

یہ اتفاق رائے بدھ کی رات قومی سلامتی اور خارجہ امور کے بارے میں وزیراعظم کے مشیر سرتاج عزیز اور ایران کے وزیر خارجہ جواد ظریف کے درمیان مذاکرات میں ہوا۔ بعد اذاں دونوں رہنمائوں نے ایک مشترکہ پریس کانفرنس میں کہا کہ تمام فریقوں کو خونریزی کے خاتمے اور بحران کے حل کیلئے سنجیدہ مذاکرات شروع کرنے کی غرض سے سازگار ماحول قائم کرنے کیلئے سنجیدگی کا مظاہرہ کرنا چاہیے۔


سرتاج عزیز نے کہا کہ انہوں نے امت مسلمہ میں وسیع تر اتحاد کے فروغ کیلئے سنجیدہ کوششیں کرنے پر اتفاق کیا ہے۔ جواد ظریف نے یمن کے مسئلے کا جامع سیاسی حل تلاش کرنے پر زور دیا۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ ایران یمن میں جنگ بندی، امدادی سرگرمیوں کی بحالی، متحارب فریقوں کے درمیان مذاکرات اور وسیع البنیاد حکومت کی تشکیل چاہتا ہے۔