Wednesday, 24 April 2024, 01:58:01 am
اوآئی سی وزرائے خارجہ اجلاس میں افغانستان میں انسانی بحران پر توجہ مرکوزکی جائے گی
December 08, 2021

اطلاعات و نشریات کے وزیر چوہدری فواد حسین نے کہا ہے کہ اسلامی تعاون تنظیم کی وزرائے خارجہ کی کونسل کے اجلاس میں افغانستان میں ممکنہ انسانی بحران پر توجہ مرکوز کی جائے گی جو اس ماہ کی 19 تاریخ کو اسلام آباد میں منعقد ہو گا۔اسلام آباد میں سعودی عرب کے سفارت خانے کی جانب سے منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ موسم سرما میں ہر گزرتے دن کے ساتھ افغانستان میں انسانی صورتحال سنگین ہوتی جا رہی ہے۔وزیر اطلاعات نے کہا کہ ہم افغان عوام کی امداد کیلئے سعودی عرب سمیت برادر اسلامی ملکوں کے ساتھ ملکر ایک طریقۂ کار مرتب کرنا چاہتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ پاکستان افغانستان کو ہر ممکن امداد مہیا کر رہا ہے اور ہم افغانستان کو ڈھائی لاکھ میٹرک ٹن گندم فراہم کر رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ پاکستان نے افغانستان سے درآمد کی جانے والی چالیس اشیاء پر عائد ڈیوٹی واپس لے لی ہے جس سے افغان کاروباری برادری کو اپنے پائوں پر کھڑا ہونے میں مدد ملے گی۔چوہدری فواد حسین نے زور دیا کہ عالمی برادری افغان عوام کی مدد کیلئے ملکر کام کرے۔انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان نے ہمیشہ افغانستان میں امن اور بات چیت پر زور دیا ہے اور پاکستان کی حکومت افغانستان میں امن کیلئے کوششیں کرتی رہی ہے۔وزیر اطلاعات نے کہا کہ پاکستان میں ہونے والا او آئی سی وزرائے خارجہ کا اجلاس 1980ء کے بعد پاکستان میں خارجہ امور سے متعلق سب سے بڑی تقریب ہو گا۔انہوں نے کہا کہ ستائیس ملکوں کے وزراء خارجہ سمیت چوراسی ممالک اس کانفرنس میں شرکت کریں گے۔اس موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے سعودی عرب کے سفیر نواف بن سعید المالکی نے کہا کہ سعودی عرب مختلف شعبوں میں پاکستان کے ساتھ تعاون کو بڑھا رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ ذرائع ابلاغ کو دوطرفہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے میں اہم کردار ادا کرنا ہو گا۔

 

Error
Whoops, looks like something went wrong.