Wednesday, 20 November 2019, 07:27:43 pm
معاون خصوصی کا جے یو آئی کے سربراہ پر جمہوریت اور آئینی روایات کی پاسدار ی پر زور
November 08, 2019

اطلاعات کے بارے میں وزیراعظم کی معاون خصوصی فردوس عاشق اعوان نے جمعیت علماء اسلام ف کے سربراہ مولانا فضل الرحمان پر جمہوری اور آئینی اقدار کی بالادستی کا احترام کرنے پر زوردیا ہے ۔انہوںنے آج مختلف ٹویٹس میں کہاکہ انتخابات کے ایک سال بعد دھاندلی کا رونا رونے کا مقصد صرف عوام کی آنکھوں میں دھول جھونکنا اور جمہوری عمل کو کمزور بنانا ہے ۔انہوں نے کہاکہ اگر انتخابات میں دھاندلی ہوئی تو مولانا فضل الرحمن نے صدارتی انتخاب کیوں لڑا ، اوران کے بیٹے نے رکن قومی اسمبلی کے طورپر حلف کیوں اٹھایا ۔انہوں نے کہاکہ مذاکرات جمہوری عمل کا حصہ ہیں اورمولانا فضل الرحمن اس عمل کے عملبردار ہیں۔انہوں نے سوال کیا کہ مولانا فضل الرحمن مذاکرات کو بے معنی قراردے کر اپنی سوچ کو محدود کیوں رکھنا چاہتے ہیں۔معاون خصوصی نے مولانا فضل الرحمن سے کہا کہ وہ لچک کا مظاہرہ کریں اور شدید سردی میں اپنے کارکنوں پررحم کریں ۔انہوں نے کہاکہ مولانا فضل الرحمن کو انتخابات میں اپنی شکست کا بدلہ عوام کو ذہنی اذیت پہنچا کر نہیں لینا چاہیے ۔اطلاعات و نشریات کے بارے میں وزیراعظم کی معاون خصوصی ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ اسلامی خطاطی حضرت محمدۖ کو خراج عقیدت پیش کرنے کا بہترین ذریعہ ہے۔آج شام اسلام آباد میں صحافیوں سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ربیع الاول حضرت محمدۖ کی ولادت کا مبارک مہینہ ہے۔انہوں نے کہا کہ اسلامی خطاطی کی صورت میں حضرت محمدۖ کی ذات اقدس کو خراج عقیدت پیش کرنا ان کے ساتھ اپنی محبت کے اظہار کا بہترین طریقہ ہے۔فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان پاکستان کو ریاست مدینہ کی طرز پر ایک اسلامی فلاحی ریاست میں تبدیل کرنے کا ویژن رکھتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ حضور پاکۖ کی سیرت اور تعلیمات ہمارے لئے مشعل راہ ہیں۔