Wednesday, 14 November 2018, 10:41:47 pm
سپریم کورٹ نے عطا الحق قاسمی کی چیئرمین پی ٹی وی تقرری غیرقانونی قرار دے دی
November 08, 2018

سپریم کورٹ نے عطا الحق قاسمی کی بطور چیئرمین پاکستان ٹیلی ویژن تقرری غیرقانونی قرار دی ہے۔ فیصلے کا اعلان جسٹس عمر عطا بندیال اور جسٹس یحیی آفریدی پر مشتمل دو رکنی بنچ نے کیا۔ فیصلہ رواں سال 26 فروری کو محفوظ کیاگیا تھا۔فیصلے میں کہاگیا ہے کہ عطا الحق قاسمی کی پاکستان ٹیلی ویژن کے چیئرمین کی حیثیت سے تقرری میں قواعد و ضوابط پر عمل نہیں کیاگیا۔ عدالت عظمی نے عطا الحق قاسمی کی طرف سے جاری تمام انتظامی احکامات بھی غیرقانونی قرار دئیے ہیں۔ عدالت نے عطا الحق قاسمی کو تنخواہ اور مراعات کی مد میں دی جانے والی 19 کروڑ 60 لاکھ سے زائد رقم بھی واپس لینے کا حکم دیا ہے ۔عدالت نے کہا کہ یہ رقم سابق وزیر خزانہ اسحق ڈار سابق وزیر اطلاعات پرویز رشید اور وزیراعظم کے سابق پرنسپل سیکرٹری فواد حسن فواد سے وصول کی جائے کیونکہ وہ اس غیرقانونی تقرری کے ذمہ دارہیں۔ عدالت نے وفاقی حکومت کو پاکستان ٹیلی ویژن کا مستقل مینجنگ ڈائریکٹر تعینات کرنے کی ہدایت کی ہے۔