Wednesday, 14 November 2018, 10:14:42 pm
سوروزہ ایجنڈے سے متعلق تمام اہداف مکمل کر لئے ہیں،وزیر قانون
November 08, 2018

وزیرقانون فروغ نسیم نے کہاہے کہ ان کی وزارت نے حکومت کے سودن کے ایجنڈے سے متعلق تمام اہداف مکمل کرلئے ہیں۔انہوں نے ایک ویڈیو پیغام میں کہا کہ وزیرقانون کی حیثیت سے ان کے سودن آئندہ ماہ کی پہلی تاریخ کو مکمل ہونگے تاہم انہوں نے قانونی اصلاحاتی ایجنڈے سے متعلق اہم امور اس ماہ مکمل کرلئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ انہوں نے وزیراعظم سیکرٹریٹ کو بھی اہم قانونی امور کے بارے میں بریفنگ دی ہے۔اس حوالے سے مجوزہ قوانین میں وسل بلوور ایکٹ، خواتین سے متعلق ایکشن پلان، وراثت سے متعلق قوانین اور نادرا کی مدد سے وراثت نامے کے حصول میں سہولت، باہمی قانونی معاونت سے متعلق بل جو نو سال تک زیر التواء رہا غریبوں کی قانونی معاونت کیلئے لیگل ایڈ اتھارٹی اور سول مقدمات دو سال میں نمٹانے کیلئے شہری امور کے قوانین شامل ہیں۔انہوں نے کہا کہ اس سلسلے میں بارایسوسی ایشنوں، ججوں اور سائلین کا تعاون درکار ہوگا۔انہوں نے کہاکہ وزیراعظم بہت جلدقانونی پیکج کااجرا کریں گے۔