Wednesday, 14 November 2018, 10:23:30 pm
حکومت احتجاجی مظاہروں کے دوران توڑ پھوڑ کی جامع تحقیقات کررہی ہے،وزیرمملکت داخلہ
November 08, 2018

داخلہ امور کے وزیر مملکت شہریار آفریدی نے کہا ہے کہ حکومت آسیہ بی بی کے مقدمے میں سپریم کورٹ کے فیصلے کے خلاف حالیہ احتجاجی مظاہروں کے دوران توڑ پھوڑ کے واقعات کی تحقیقات کررہی ہے۔ آج سینٹ میں اظہار خیال کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ تباہ کی گئی املاک کی فوٹیج کی بنیاد پر اعداد و شمار جمع کئے گئے ہیں اور توڑ پھوڑ کے واقعات میں ملوث عناصر کو گرفتار کیا جارہا ہے۔وزیر مملکت نے کہاکہ احتجاجی مظاہروں کے دوران قانون ہاتھ میں لینے والوں کو قانون کے تحت نشان عبرت بنایا جائے گا، انہوں نے کہا کہ ان عناصر کی فوٹیج جنہوں نے لوٹ مار کی تحریک لبیک پاکستان کو بھیجی گئی ہیں اور انہوں نے ان لوگوں سے لا تعلقی کا اظہار کیا ہے۔انہوں نے کہا کہ حکومت نے مظاہرین کے ساتھ کامیاب مذاکرات کئے تھے اور پرامن طور پر معاملے کو حل کردیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ حزب اختلاف سمیت تمام فریقوں میں اتفاق رائے ہوگیا تھا کہ مظاہرین کے خلاف طاقت کا استعمال نہیں کیا جائیگا۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم نے بھی مسئلے کے پر امن حل کی خواہش ظاہر کی تھی۔ شہریار آفریدی نے کہا کہ حکومت مقدمے کی نظرثانی درخواست پر سپریم کورٹ کے کسی بھی حکم پر عملدرآمد کرائے گی۔