Friday, 18 October 2019, 11:37:55 am
بھارتی فوجیوں نے ریاستی دہشت گردی کی تازہ کارروائی میں2کشمیری نوجوان شہید کر دئیے
October 08, 2019

File photo

مقبوضہ کشمیرمیں بھارتی فوجیوں نے اپنی ریاستی دہشت گردی کی تازہ کارروائی کے دوران آ ج ضلع پلوامہ میں دو کشمیری نوجوان شہید کرد یے۔

کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق فوجیوں نے نوجوان کو ضلع کے علاقے اونتی پورہ میں تلاشی اور محاصرے کی کارروائی کے دوران شہید کیا۔ گاندربل، بانڈی پورہ ، کپواڑہ ، بارہمولہ ، سرینگر، اسلام آباد ، کولگام ،شوپیاں، رام بن ، ڈوڈہ ، کشتواڑ اور دیگرعلاقوں میں پر تشدد فوجی کارروائی گزشتہ 12روز سے جاری ہے۔ادھر آج مسلسل 65ویں روز بھی وادی کشمیر اور جموں کے مسلم اکثریتی علاقوں میں فوجی محاصرے اور مواصلاتی ذرائع کی معطلی سے معمولات زندگی بری طرح متاثر رہے جبکہ اس دوران چھاپوں،نوجوان لڑکوںکی گرفتاریوں اورلوگوں کے جاںبحق ہونے کی اطلاعات ہیں۔ بڑے بازار بند ہونے اور سڑکوں پرٹریفک معطل ہونے کے باعث لوگوںکو اشیائے ضروریہ کی شدید قلت کا سامنا ہے ۔بھارت کے آن لائن نیوز پورٹل NewsClickinنے دفعہ 370کی منسوخی کے خلاف بڑی تعداد میں عرضداشتوں پر چیلنج کیاگیا ہے پر بھارتی سپریم کورٹ کی خاموشی ، کارروائی میں سستی اور سرد مہری پر شدید تنقید کی ہے ۔ ویب پورٹل نے اقوام متحدہ کے ماہرین جنہوںنے محاصرے اور مواصلاتی بندش کوجموںوکشمیر کے عوام کیلئے اجتماعی سزا قراردیا تھا کا ذکر کرتے ہوئے کہاکہ ماہرین کی طرف سے ظاہر کی گئی تشویش بھارتی سپریم کورٹ کا آئینی ضمیر جگانے میں ناکام رہی ہے ۔ یاد رہے کہ بھارت کی عدالت عظمیٰ نے ان عرضداشتوں پر سماعت 14نومبر تک ملتوی کر دی ہے ۔