Wednesday, 14 November 2018, 01:01:22 am
چینی وزیر خارجہ کے دورہ پاکستان سے تعلقات مزید مستحکم ہونگے، ماہرین
September 08, 2018

ماہرین اور تجزیہ کاروں نے امید ظاہر کی ہے کہ چینی وزیر خارجہ کے پاکستان کے دورے سے پاکستان اور چین کے درمیان سٹریٹجک تعلقات مزید مستحکم اور وسیع ہوں گے۔

ہفتے کی رات ریڈیو پاکستان کے خبروں اور حالات حاضرہ کے پروگرام میں اظہار خیال کرتے ہوئے معروف دفاعی تجزیہ کار ڈاکٹر محمد خان نے کہا کہ پاکستان کو عالمی سطح پر تنہا نہیں کیا جا سکتا۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان ایک موثرخارجہ پالیسی پر عمل پیرا ہے جس کا مقصد چین سمیت دوست ممالک کے ساتھ تعلقات کو مزید فروغ دینا ہے۔

بین الاقوامی تعلقات کے ماہر ڈاکٹر زاہد انور نے کہا کہ مضبوط جمہوریت سے خوشحالی اور سیاسی استحکام پیدا ہوتا ہے۔اس سے حکومت کو ایک آزاد اور کثیرجہتی خارجہ پالیسی وضع کرنے میں مدد ملے گی۔

معروف دانشور ڈاکٹر اے زیڈ ہلالی نے کہا کہ یہ ایک عام مشاہدہ ہے کہ امریکہ بھارت سے متعلق نرم گوشہ اور پاکستان کے خلاف جارحانہ رویہ رکھتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ چین نے اہم معاملات پر پاکستان کی مضبوط حمایت کو تسلیم کیا ہے۔