Tuesday, 22 September 2020, 10:43:32 am
جنگ کی صورت میں پوری قوم فوج کے شانہ بشانہ ہوگی،صدر آزاد کشمیر
August 08, 2020

آزا دجموں وکشمیر کے صدر سردار مسعود خان نے کہا ہے کہ جنگ ہونے کی صورت میں پاکستانی فوج کے ساتھ ساتھ پوری قوم بھی جنگ میں حصہ لے گی اور نوجوان اس جنگ میں صف اول میں شامل ہوں گے۔
انہوں نے یہ بات مظفر آباد میں اسلامی جمعیت طلبہ آزاد کشمیر کے سیکرٹری جنرل مہران معروف کی قیادت میں طلبہ کے ایک وفد سے ملاقات کے دوران کہی۔
آزاد کشمیر کے صدر نے نوجوانوں پر زور دیا کہ وہ اپنی تعلیم پر توجہ مرکوز کریں اور اپنے کشمیری بھائیوں کو بھارتی تسلط سے آزاد کروانے کیلئے بھی خود کو تیار کریں۔
سردار مسعود خان نے کہا کہ آزاد کشمیر میں فور جی انٹرنیٹ کی سہولت جلد فراہم کی جائے گی تاکہ طلباء کو ڈیجیٹل ذرائع کے استعمال سے آن لائن تعلیم کے حصول میں مدد مل سکے۔
آزاد کشمیر کے صدر نے کہا کہ طلبا کی مالی مشکلات کے پیش نظر انہیں ریلیف فراہم کرنے کیلئے لاک ڈائون کے عرصے کی فیس میں کمی کی گئی ہے۔