Saturday, 20 April 2024, 04:23:18 am
پی ٹی آئی قیادت کاملک کو ترقی کی راہ پرگامزن کرنے کے عزم کا اظہار
August 08, 2018

پاکستان تحریک انصاف کی قیادت نے ملک کو ترقی اورخوشحالی کی راہ پرگامزن کرنے کاعزم ظاہر کیا ہے۔تحریک انصاف کے رہنما ڈاکٹرعارف علوی نے ریڈیو پاکستان کے خبروں اورحالات حاضرہ کے چینل سے گفتگوکرتے ہوئے کہاکہ ان کی جماعت کی حکومت ملک کو درپیش چیلنجوں خصوصاً اقتصادی مسائل پرقابو پانے کیلئے بعض ہنگامی نوعیت کے اقدامات کرے گی۔قومی اورصوبائی اسمبلیوں کے بتیس حلقوں کے انتخابی نتائج روکنے سے متعلق الیکشن کمیشن کے فیصلے کے حوالے سے انہوں نے کہاکہ تحریک انصاف کو اس فیصلے سے کوئی پریشانی نہیں۔سینیٹرفیصل جاویدخان نے پروگرام میں اظہارخیال کرتے ہوئے کہاکہ وزیراعظم، سپیکر اور ڈپٹی سپیکر کے انتخاب کیلئے قومی اسمبلی کااجلاس اس ماہ کی گیارہ یابارہ تاریخ کومتوقع ہے۔پارٹی کے رہنما ریاض فتیانہ نے شومیں گفتگوکرتے ہوئے کہاکہ ان کی جماعت صحت، تعلیم اور ماحولیات کے شعبوں کی بہتری ،بدعنوانی کے خاتمے ،پینے کے صاف پانی کی فراہمی اورسب سے بڑھ کر اقتصادی بحالی پرخصوصی توجہ دے گی۔الیکشن کمیشن کے ترجمان الطاف احمد نے سامعین کوبتایا کہ مختلف حلقوں کے انتخابی نتائج کے نوٹیفکیشن اس لئے جاری نہیں کئے گئے کہ یہ نتائج عدالتوں میں چیلنج کردیئے گئے ہیں۔ادارے کے ڈائریکٹر الیکشنز ندیم قاسم نے کہاکہ آزاد امیدواروں کواپنی حیثیت آ زاد امیدوا ر کے طورپر برقراررکھنا ہوگی تاہم کسی سیاسی جماعت سے وابستگی کی صورت میں وہ جمعرات تک الیکشن کمیشن کو اس حوالے سے آگاہ کرنے کے پابند ہیں۔

Error
Whoops, looks like something went wrong.