Wednesday, 12 August 2020, 11:57:22 am
قومی اسمبلی کو بتایا گیا کہ ملک میں اقلیتوں کو پاکستان کے آئین کے تحت یکساں حقوق حاصل ہیں
July 08, 2020

مذہبی امور اور بین المذاہب ہم آہنگی کے وزیر ڈاکٹر نور الحق قادری نے کہا ہے کہ پاکستان کے آئین کے تحت ملک میں اقلیتوں کو یکساں حقوق حاصل ہیں۔

انہوں نے قومی اسمبلی میں اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ قائداعظم محمد علی جناح کا نظریہ اور اسلامی اقدار اقلیتوں کے یکساں حقوق، مکمل تحفظ اور سلامتی کی ضامن ہیں۔
مسلم لیگ (ن) کے رہنماء خواجہ محمد آصف نے ایوان میں خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سب کیلئے امن، ہم آہنگی اور قبولیت کو ملک میں فروغ دیا جانا چاہیے۔
انسانی حقوق کی وزیر شیریں ایم مزاری نے خواجہ آصف کے نکتے کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ حکومت اقلیتوں کے جائز حقوق کے تحفظ کیلئے مکمل طور پر پرعزم ہے جس کا مقصد ان کی آزادی اور سلامتی یقینی بنانا ہے۔
انہوں نے کہا کہ حکومت آئین اور عالمی وعدوں کی پاسداری کرتے ہوئے اپنے شہریوں کے بنیادی حقوق یقینی بنانے کیلئے پرعزم ہے۔
انسانی حقوق کی وزیر نے کہا کہ پاکستان میں تمام اقلیتوں کو وطن کے یکساں شہری کی حیثیت سے مکمل آزادی حاصل ہے۔
ہوابازی کے وزیر غلام سرور خان نے کہا ہے کہ یورپی ممالک کے لئے پی آئی اے کی پروازوں کی معطلی عارضی اقدام ہے اور پروازوں کا سلسلہ جلد بحال ہو جائے گا۔
انہوں نے یہ بات چھ ماہ کے لئے یورپ میں پروازوں کے لئے یورپین یونین ایئرسیفٹی ایجنسی اور برطانوی حکام کی طرف سے پی آئی اے کے لئے اختیارات کی معطلی کے بارے میں مرتضیٰ جاوید عباسی اور دیگر کے توجہ دلاؤ نوٹس کا جواب دیتے ہوئے کہی۔
ہوابازی کے وزیر نے کہا کہ جعلی ڈگریوں کی بنیاد پر اور متعلقہ قواعد و ضوابط کی پیروی نہ کرنے پر 54 پائلٹس کے لائسنس منسوخ کر دیئے گئے ہیں۔ 26 کو کام کرنے سے روک دیا گیا ہے اور 34 پائلٹس کو معطل کر دیا گیا ہے۔
توانائی کے وزیر عمر ایوب خان نے کہا ہے کہ کراچی کی ترقی ملک کی مجموعی ترقی سے منسلک ہے اور حکومت اس بڑے شہر کے مسائل حل کرنے کے لئے کوشاں ہے۔
انہوں نے کراچی میں بجلی کے بحران کے بارے میں حزب اختلاف کے ارکان کے نکات کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ وفاقی حکومت کراچی میں بجلی کی طلب کو پورا کرنے کے لئے 100
ایم ایم بی ٹی یو اضافی گیس فراہم کر رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ کراچی کو قومی گرڈ سے بھی سو میگاواٹ بجلی فراہم کی جا رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ اس مسئلے کو مستقل بنیادوں پر حل کرنے کیلئے کراچی میں مزید گرڈ سٹیشن تعمیر کئے جا رہے ہیں۔
مواصلات اور محکمہ ڈاک کے وزیر مراد سعید نے قومی اسمبلی میں ایک نکتہ اعتراض جواب میں کہا کہ ایک سال کے دوران پاکستان پوسٹ کی آمدن میں 7ارب روپے تک کا اضافہ ہوا ہے۔
ایوان کا اجلاس اب کل دن گیارہ بجے ہوگا۔