Wednesday, 16 October 2019, 08:07:33 am
جرمنی خیبرپختونخوا میں بلین ٹری منصوبے کیلئے ایک کروڑ 35لاکھ یورو فراہم کرے گا
July 08, 2019

جرمنی خیبرپختونخوا میں بلین ٹری سونامی منصوبے کیلئے ایک کروڑ 35لاکھ یورو فراہم کریگا۔یہ وعدہ جرمنی کے بنک کے ایف ڈبلیو کے وفد اور موسمیاتی تبدیلی کے بارے میں وزیراعظم کے مشیر ملک امین اسلم کے درمیان آج اسلام آباد میں ملاقات میں کیا گیا۔وزیراعظم کے مشیر ملک امین اسلم نے اس موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ یہ منصوبہ پاکستان اور دنیا بھر کیلئے نہایت اہمیت کا حامل ہے اور ملک موسمیاتی تبدیلی سے متعلق اپنی عالمی ذمہ داریوں سے بخوبی آگاہ ہے۔انہوں نے بتایا کہ خیبرپختونخوا حکومت کے منصوبے کو اقوام متحدہ نے بھی دنیا بھر کے کامیاب منصوبوں میں شامل کیا ہے اور یہ منصوبہ ستمبر میں نیویارک میں موسمیاتی تغیرکے بارے میں ہونے والے سربراہ اجلاس میں مثال کے طور پر پیش کیا جائیگا۔انہوں نے کہا کہ پاکستان ابتدائی طور پر پانچ کروڑ ڈالر سے ماحولیاتی نظام کی بحالی کیلئے ایک فنڈ قائم کررہا ہے جس سے دیگر شراکت داروں کو بھی اس فنڈ میں تعاون کیلئے ترغیب ملے گی۔انہوں نے وفد کو بتایا کہ رواں سال اس منصوبے پر سولہ ارب روپے خرچ کئے جائیںگے جن میں سے نصف وفاقی حکومت فراہم کریگی۔