Saturday, 20 July 2019, 06:59:49 pm
اقوام متحدہ مسئلہ کشمیر کو اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق حل کرے،راجہ فاروق حیدر
July 08, 2019

آزاد جموں وکشمیر کے وزیراعظم راجہ فاروق حیدرخان نے اقوام متحدہ پر زور دیا ہے کہ وہ مسئلہ کشمیر کو اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق حل کرے۔

پیر کے روز اسلام آباد میں سوشل میڈیا کے دور میں کشمیر کی جدوجہد کے بارے میں ایک سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہمارا موقف بالکل واضح ہے کہ بھارت کو مقبوضہ کشمیر میں بڑے پیمانے پر تعینات فوج کو واپس بلانا چاہیے تاکہ کشمیر کے بارے میں حق خودارادایت سے متعلق اقوام متحدہ کی قراردادوں پر عملدرآمد کیا جاسکے۔

راجہ فاروق حیدر خان نے کہا کہ بھارتی فوجی آزاد جموں وکشمیر میں شہریوں کو بھی نشانہ بنارہے ہیں اور اس سلسلے میں حقائق کو جلد ہی عالمی فورم کے سامنے لایا جائیگا۔

برہان مظفروانی کو ان کی تیسری برسی پر خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ نوجوانوں کو سوشل میڈیا کے زریعے مسئلہ کشمیر کو اجاگر کرنا چاہیے۔

ادھر ممتاز مقررین نے کہا کہ جنوبی ایشیاء میں پائیدار امن کشمیر کے اہم مسئلے کو حل کئے بغیر ممکن نہیں ہے۔

انہوں نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی سیکورٹی فورسز کی جانب سے انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں عروج پر ہیں اور انہیں فوری طور پر روکنے کی ضرورت ہے۔

انہوں نے کہا کہ کشمیر گزشتہ ستر سال سے ایک حل طلب مسئلہ ہے اور اسے اقوام متحدہ کی قراردادوں اور کشمیریوں کی اُمنگوں کے تحت حل کیا جانا چاہیے۔