Thursday, 25 April 2024, 05:12:25 am
وزیراعظم اورسعودی ولی عہد کا دوطرفہ تعلقات کو مزیدفروغ دینے اورمضبوط بنانے کا عزم
May 08, 2021

وزیراعظم عمران خان اور سعودی عرب کے ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان سیاسی ، اقتصادی ، تجارتی ، دفاعی اور سلامتی کے شعبوں میں موجودہ دوطرفہ تعلقات کو مزید فروغ دینے اور متنوع بنانے کے عزم کا اعادہ کیا ہے۔انہوں نے اس عزم کا اعادہ جدہ میں ملاقات کے دوران کیا جس میں دوطرفہ ، علاقائی اور عالمی امور پر تفصیلی بات چیت کی گئی ۔بات چیت انتہائی خوشگوار ماحول میں ہوئی جس میں دوطرفہ تعلقات میں بہتری کے رجحان کو مزید تیز کرنے کا عزم ظاہرکیا گیا ۔ملاقات میں پاکستان میں سعودی عرب کی سرمایہ کاری بڑھانے، توانائی کے شعبے میں تعاون اور سعودی عرب میں پاکستانیوں کیلئے روزگار کے مواقع بڑھانے پربھی خصوصی توجہ مرکوز کی گئی ۔وزیراعظم نے سعودی عرب کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کی حمایت پر کاربند رہنے کے پاکستان کے عزم کا اعادہ اور پاکستان کے عوام کی طرف سے حرمین شریفین کیلئے خصوصی لگائو کا اظہار کیا ۔وزیراعظم نے ولی عہد کی طرف سے حال ہی میں اعلان کئے گئے گرین سعودی عرب اور گرین مڈل ایسٹ پروگرام کو بھی سراہا اور امیدظاہر کی کہ ولی عہد کے نصب العین اور ان کے TEN بلین ٹری سونامی منصوبے کے درمیان ہم آہنگی قائم ہوگی۔سعودی عرب میں مقیم 20 لاکھ سے زائد پاکستانی برادری کے مثبت وتعمیری کردار کوسراہتے ہوئے دونوں رہنمائوں نے انسانی وسائل کے شعبے میں تعاون سے زیادہ سے زیادہ باہمی فوائد حاصل کرنے کے طریقوں

پر تبادلہ خیال کیا۔

وزیراعظم عمران خان اور سعودی عرب کے ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے علاقائی اور عالمی امور پر بھی تبادلہ خیال کیا ۔وزیراعظم نے قومی اقتصادی ترقی کے مقاصد میں پیشرفت کے بارے میں اپنے پرامن ہمسائیگی کے تصور کو اجاگر کیا ۔بھارت کے غیرقانونی زیرقبضہ جموں وکشمیر کی صورتحال کے بے نقاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے جموں وکشمیر کے تنازعے کے پرامن حل کی اہمیت پرزوردیا ۔انہوں نے افغانستان میں امن ومفاہمت کے عمل میں تعاون کیلئے پاکستان کی مسلسل کوششوں کو بھی اجاگر کیا ۔وزیراعظم نے علاقائی امن وسلامتی کومستحکم بنانے اور اسے مزید فروغ دینے کی سعودی عرب کی کوششوں اوراقدامات پر ولی عہد کو سراہا۔ملاقات کے بعد وزیراعظم اورولی عہد نے سعودی ، پاکستان سپریم کوآرڈینیشن کونسل کے قیام کے معاہدے پر دستخط کئے۔وزیراعظم اور ولی عہد کی مشترکہ صدارت میں کونسل پاکستان اور سعودی عرب کے تعلقات کو فروغ دینے میں تذویراتی سمت کا تعین کرے گی۔وزیراعظم نے امیدظاہر کی کہ کونسل تمام شعبوں میں دوطرفہ تعاون بڑھانے میں ایک محرک کا کردارادا کرے گی۔دونوں رہنمائوں نے متعدد دوطرفہ معاہدوں اور مفاہمتی یادداشتوں پردستخط کی تقریب میں بھی شرکت کی ۔وزیراعظم نے ولی عہد کو پہلی فرصت میں پاکستان کے دورے کی دعوت دی ۔

اس سے پہلے سعودی ولی عہد نے وزیر اعظم عمران خان اور اُن کے وفد کے اعزاز میں عشائیہ بھی دیا جدہ کے شاہ عبد العزیز انٹرنیشنل ائیر پورٹ پر آمد کے موقع پر ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے وزیر اعظم کا انتہائی پر تپاک استقبال کیا۔

Error
Whoops, looks like something went wrong.