Monday, 01 June 2020, 01:45:25 am
ہمیں کورونا وائرس کی وباء کے خلاف جنگ مل کر لڑنا ہو گی،صدر
April 08, 2020

صدر ڈاکٹر عارف علوی نے نجی شعبے کے تعاون سے میڈیکل سائنس میں جدید تحقیق کو فروغ دینے کی ضرورت پر زور دیا ہے۔

انہوں نے یہ بات بدھ کے روز یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز لاہور میں سینئر ڈاکٹروں کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔

انہوں نے یونیورسٹی کے سائنسدانوں اور پروفیسروں کی تحقیقی کاوشوں کو سراہا۔

انہوں نے کہا کہ کوئی بھی ملک کورونا وائرس کی وباء اچانک پھوٹنے سے پیدا ہونے والی صورتحال سے نمٹنے کے لئے تیار نہیں تھا اور ہمیں اس بیماری کے خلاف جنگ مل کر لڑنی ہے۔

صدر نے کورونا وائرس پر قابو پانے کے لئے ڈاکٹروں ، نیم طبی عملے، پولیس ، علمائے کرام اور انتظامیہ کی کوششوں اور قربانیوں کی تعریف کی۔

انہوں نے کورونا وائرس سے نمٹنے کے لئے فوجی جوانوںاور رینجرز کی کوششوں پر انہیں خراج تحسین پیش کیا۔

انہوں نے عوام سے کہا کہ وہ ڈاکٹروں کی ہدایت کے مطابق تمام احتیاطی تدابیر اختیار کریں تاکہ ہم خود کو اور اپنے اہل خانہ کو کورونا وائرس سے محفوظ رکھ سکیں۔

دریں اثنا صدرڈاکٹر عارف علوی نے  لاہور میں یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز میں پہلے ویمن ٹیلی میڈیسن سینٹر کا افتتاح کیا۔

انہوں نے اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے اس سینٹر کو گھریلو خواتین کے لئے فائدہ مند قرار دیا جو گھروں کو اکیلا نہیں چھوڑ سکتیں۔

انہوں نے ملک بھر میں ٹیلی میڈیسن کے مراکز کو توسیع دینے کی ضرورت پر زور دیا۔

صدر نے نجی شعبے کے تعاون سے میڈیکل سائنسز میں جدید تحقیق کو فروغ دینے کی اشد ضرورت پر زور دیا۔