Monday, 01 June 2020, 01:43:38 am
احساس ایمرجنسی کیش پروگرام کے تحت نقد امداد کی فراہمی کا سلسلہ جمعرات سے شروع ہوگا،وزیراعظم
April 09, 2020

وزیر اعظم عمر ان خان نے کہاہے کہ احساس ایمرجنسی کیش پروگرام کے تحت غریب مستحق خاندانوں کو نقد امداد کی فراہمی کا سلسلہ کل(جمعرات) سے شروع ہو گا ۔

بدھ کی شام اسلام آباد میں کورونا وائرس کی موجود ہ صورتحال کے بارے میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے یقین دلایا کہ مستحق خاندانوں میں مکمل طورپر میرٹ اور شفافیت کے ذریعے اورغیر سیاسی طورپر فنڈز تقسیم کئے جائیں گے ۔

انہوں نے کہاکہ آئندہ ڈھائی ہفتے کے دوران ایک کروڑ بیس لاکھ خاندانوں میں 144ارب روپے کی نقد امداد کی تقسیم کا عمل مکمل ہو جائے گا۔

عمر ان خان نے بتایا کہ کورونا ریلیف ٹائیگرز فورس ضلع اور تحصیل کی سطح پر غریب اور مستحق افراد کی نشاندہی کرتی رہے گی اور ان کا اندراج مستحق افراد کی فہرست میں کیاجائے گا۔

وزیر اعظم نے خبردار کیاکہ پاکستان میں ہر سو میں سے ایک شخص کورونا وائر س سے متاثر ہو سکتا ہےانہوں نے شہریوں پر زوردیا کہ وہ کورونا وائرس کی سنگینی کا احساس کریں اور وائرس کی روک تھام کیلئے تمام ضروری حفاظتی اقدمات اختیار کریں۔

وزیر اعظم نے حزب اختلاف کے رہنمائوں ، ارکان پارلیمنٹ اور سول سوسائٹی پر زور دیا کہ وہ موجودہ صورتحال سے نمٹنے کیلئے حکومت کی کوششوں میں تعاون کریں۔

سماجی تحفظ اور غربت میں کمی کے بارے میں معاون خصوصی ڈاکٹر ثانیہ نشتر نے اس موقع پر کہاکہ حکومت کو احساس ایمرجنسی کیش پروگرام کے تحت مالی امداد کیلئے 8171پر تین کروڑ پانچ لاکھ ایس ایم ایس موصول ہوئے ہیں۔

انہوں نے کہاکہ ایک کروڑ بیس لاکھ مستحق خاندانوں کو بائیو میٹرک تصدیق کے بعد بارہ ہزار روپے جاری کئے جائیں گے ۔ ڈاکٹر ثانیہ نشتر نے کہاکہ احساس پروگرام ملک بھر میں جاری ہے اور تمام وفاق ، گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر سمیت تمام صوبے اس پروگرام کا حصہ ہیں۔

معاون خصوسی نے لوگوں سے کہاکہ وہ کسی بھی سوال کیلئے ٹال فری نمبر 080026477پر رابطہ کر سکتے ہیں ۔

این ڈی ایم اے کے چیئرمین لیفٹیننٹ جنرل محمد افضل نے کہاکہ آئندہ تین دنوں کے دوران تمام صوبائی ہسپتالوں کو حفاظتی آلات بھجوا دیئے جائیں گے۔

انہوں نے کہاکہ اس وقت ملک بھر میں 22لیبارٹریاں فعال ہیں جبکہ مزید 12لیبارٹریوں کے قیام کیلئے آلات صوبون کو بجھوا دیئے گئے ہیں ۔

این ڈی ایم اے کے چیئرمین نے کہاکہ ٹیسٹوں کی ایک لاکھ کٹیں آج رات پاکستان پہنچ رہی ہیں جن میں سے 35ہزار کٹیں سندھ کو ،15ہزار بلوچستان جبکہ25،25ہزار پنجاب اور خیبر پختون خوا کو دی جائیں گی۔

لیفٹیننٹ جنرل محمد افضل نے بتایا کہ ٹیسٹوں کی دو لاکھ 35ہزار کٹیں جمعہ کو درآمد کی جائیںگی۔

 

 (این این آر /نصیرقریشی )