سرتاج عزیز نے کہا ہے کہ پاکستان بھارت کے ساتھ پائیدار مذاکرات کے ذریعے دو طرفہ تعلقات میں بہتری کا خواہاں ہے۔

عالمی برادری کی دہشت گردی کیخلاف جنگ میں پاکستان کی قربانیوں کی تعریف
07 نومبر 2015 (11:07)
0

عالمی برادری نے دہشت گردی کیخلاف جنگ میں پاکستان کی عظیم قربانیوں کو سراہا ہے۔ ان تعریفی کلمات کااظہار لکسمبرگ میں ایشیا یورپ کے وزرائے خارجہ کے بارہویں اجلاس کے موقع پر وزیراعظم کے مشیر برائے امورخارجہ سرتاج عزیز کی جاپان، ڈنمارک، جرمنی، ہالینڈ، یونان اورسنگاپور کے وزرائے خارجہ سے ملاقات کے دوران کیاگیا۔

انہوں نے اقتصادی بحالی سے متعلق پاکستان کی کوششوں کی حمایت کی اور ملک میں تجارت اورسرمایہ کاری کے مواقع کو بہتر بنانے کیلئے تعاون کو مزید مضبوط بنانے کی ضرورت پر زوردیا۔

وزرائے خارجہ نے افغانستان میں امن کے قیام اور طالبان اور افغان حکومت کے درمیان مذاکرات میں پاکستان کے کردار کی تعریف کی۔سرتاج عزیز نے ان ملکوں کے وزرائے خارجہ کے ساتھ دو طرفہ تعلقات کا جائزہ لیا اورعلاقائی اورعالمی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا۔

سرتاج عزیز نے کہا کہ پاکستان پرامن ہمسائیگی کی پالیسی پر عمل کررہاہے اور علاقائی روابط کو بہتر بنارہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان بھارت کے ساتھ پائیدار مذاکرات کے ذریعے دو طرفہ تعلقات میں بہتری کا خواہاں ہے۔