چینی سفیرنے کہا کہ چین کو پاکستان کے ساتھ اپنی دوستی پر فخر ہے۔

چین پاکستان اقتصادی راہداری خطے کی تقدیر بدل دیگی:شہباز
07 نومبر 2015 (17:17)
0

وزیراعلیٰ پنجاب نے ہفتہ کو لاہور میں پاک چائنہ فرینڈ شپ پویلین کا افتتاح کیا۔ اس موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ چین پاکستان اقتصادی راہداری خطے کی تقدیر بدل دے گی۔
انہوں نے کہا کہ حکومت نے چین کے تعاون سے 36 ارب ڈالر مالیت کے توانائی کے کئی منصوبے شروع کیے ہیں۔ اس موقع پر چینی سفیرسن وی ڈونگ نے کہا کہ چین کو پاکستان کے ساتھ اپنی دوستی پر فخر ہے۔

انہوں نے پویلین کو پاک چین دوستی کی ایک نئی یادگار قرار دیا۔

ادھر غیر ملکی کمپنیوں کے چیف ایگزیکٹوز کے ایک وفد نے لاہور میں وزیراعلیٰ پنجاب سے ملاقات کی اور سرمایہ کاری کے سازگار مواقع اور پنجاب میں سلامتی کی صورتحال پر اطمینان کا اظہار کیا۔
اس موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے وزیراعلیٰ نے کہا کہ سرمایہ کاروں کو تمام ممکنہ سہولتیں فراہم کی جائیں گی۔

دریں اثناء پنجاب کے وزیراعلیٰ محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) کی حکومت غیر ملکی تاجروں کو راغب کرنے کی پالیسیوں پر کام کررہی ہے تاکہ پنجاب میں آباد لوگوں کو روزگار کے مواقع فراہم کیے جاسکیں۔  وہ پنجاب میں کاروباری مواقع کے بارے میں دو روزہ بین الاقوامی سیمینار کے اختتامی سیشن سے خطاب کررہے تھے۔


وزیراعلیٰ نے کہا کہ سیمینار صوبے میں سرمایہ کاری کے شاندار مواقع کو اجاگرکرنے میں معاون ثابت ہوا ہے۔  دو روزہ اجلاس کے دوران غیر ملکی کمپنیوں اور ان کے پاکستانی ہم منصبوں کے درمیان ایک سو اٹھاون مفاہمت کی یادداشتوں پر دستخط کیے گئے۔  مفاہمت کی یہ یادداشتیں ہائوسنگ ' زراعت ' صنعتی شعبے ' مواصلات اور بنیادی ڈھانچے سے متعلق ہیں۔