میجر جنرل ندیم احمد نے کہا کہ پاکستان کسی بھی ملک کو اپنی علاقائی حدود کی خلاف ورزی ہرگز نہیں کرنے دے گا۔

ملکی سا لمیت کا تحفظ ہر قیمت پر یقینی بنایا جائیگا،آئی جی ایف سی
07 مئی 2017 (18:02)
0

فرنٹیئرکور کے انسپکٹر جنرل میجر جنرل ندیم احمد نے کہا ہے کہ ملک کی علاقائی سا لمیت کا تحفظ ہر حال میں یقینی بنایا جائے گا۔

انہوں نے اتوار کے روز چمن میں ایک نیوز بریفنگ سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کسی بھی ملک کو اپنی علاقائی حدود کی خلاف ورزی ہرگز نہیں کرنے دے گا۔
آئی جی ایف سی نے کہا کہ افغان بارڈر فورسز نے جمعرات کو سرحدی علاقوں میں مردم شماری کیلئے فرئض سرانجام دینے والے ایف سی اہلکاروں پر فائرنگ کی ۔
انہوں نے کہاکہ پاکستانی فورسز نے جوابی کارروائی میں ان افغان چوکیوں کو نشانہ بنایا جہاں سے فائرنگ کی گئی تھی۔
میجر جنرل ندیم احمد نے کہا کہ تقریبا پانچ افغان چوکیاں تباہ کردی گئیں اور پچاس سے زائد افغان سیکورٹی اہلکار ہلاک ہوئے۔
تاہم انہوں نے کہا کہ افغان فورسز کے جانی نقصان پر کسی کو خوشی نہیں ہوئی کیونکہ وہ ہمارے مسلمان بھائی ہیں۔
فرنٹیئر کور کے انسپکٹر جنرل نے کہا کہ افغان فورسز نے پاکستانی شہریوں کو انسانی ڈھال کے طور پر استعمال کیا اور معصوم بچوں کو نشانہ بنایا ۔
انہوں نے کہا کہ افغان حکام کو مردم شماری کے بارے میں بتایا گیا تھا تاہم افغان فورسز نے اس عمل میں رکاوٹیں پیدا کیں اور شہری آبادی پر فائرنگ کی ۔