وزیر مملکت نے کہا کہ ڈان لیکس کی تحقیقات کے حوالے سے نوٹیفیکیشن ایک دو روز میں جاری کردیا جائے گا۔

حکومت اظہار رائے کی آزادی پر یقین رکھتی ہے،مریم اورنگزیب
07 مئی 2017 (17:28)
0

اطلاعات کی وزیر مملکت مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ حکومت ملک میں اظہار رائے کی آزادی پر یقین رکھتی ہے۔
انہوں نے اتوار کے روز کراچی میں کونسل آف پاکستان نیوز پیپرز ایڈیٹرز کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ڈان لیکس کی تحقیقات کے حوالے سے نوٹیفیکیشن ایک دو روز میں جاری کردیا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ تفصیلی نوٹیفیکیشن سے تمام کرداروں اور ڈان لیکس میں ان کے کردار کا یقین ہوجائے گا۔
مریم اورنگزیب نے کہا کہ حکومت تعمیری اور مثبت تنقید کا ہمیشہ خیر مقدم کرتی ہے۔
انہوں نے ذرائع ابلاغ سے کہا کہ وہ منفی تنقید سے گریز کریں اور رپورٹنگ کرتے ہوئے قومی سلامتی کو مقدم رکھیں۔

ایک سوال کے جواب میں وزیرمملکت نے کہا کہ وزیراعظم نے مشترکہ تحقیقاتی ٹیم کے ذریعے خود کو تحقیقات کیلئے پیش کرکے ایک مثال قائم کردی ہے۔
انہوں نے کہا کہ یہ کیس ملک میں جمہوریت کو مضبوط کرے گا اور مثبت تبدیلیاں لائے گا۔
وزیرمملکت نے کہا کہ وزیراعظم نے پانامہ لیکس کے بعد قوم سے اپنے پہلے خطاب میں پورے معاملے کی تحقیقات کیلئے مشترکہ تحقیقاتی ٹیم کی تشکیل کی تجویز دی تھی اور اس مقصد کیلئے عدالت کو خط بھی لکھا تھا۔