طارق فضل چوہدری نے کہا کہ ہم قانون اور جمہوریت کی بالادستی پر یقین رکھتے ہیں۔

شریف خاندان نے جے آئی ٹی کی کارروائیوں پر کوئی اعتراض نہیں کیا،رہنما (ن)لیگ
07 جون 2017 (19:59)
0

پاکستان مسلم لیگ نون کے رہنماؤں نے کہا ہے کہ وزیراعظم نواز شریف اور ان کے اہل خانہ نے مشترکہ تحقیقاتی ٹیم کی کارروائیوں پر کوئی اعتراض نہیں کیا ہے اور اس بارے میں الزامات مکمل طور پر بے بنیاد ہیں۔
بدھ کی شام اسلام آباد میں سنیٹر مشاہد اﷲ کان کے ساتھ ایک نیوز کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی دارالحکومت کے انتظام اور ترقیاتی ڈویژن کے وزیر مملکت طارق فضل چوہدری نے کہا کہ ہم قانون اور جمہوریت کی بالادستی پر یقین رکھتے ہیں۔
طارق فضل چوہدری نے کہا کہ حسین نواز بیرون ملک رہنے کے باوجود چار مرتبہ مشترکہ تحقیقاتی ٹیم کے سامنے پیش ہوئے اور تمام ثبوت پیش کئے گئے ۔
سنیٹر مشاہد اﷲ خان نے کہا کہ ملکی تاریخ میں پہلی بار ایک وزیراعظم اور ان کے خاندان نے خود کو احتساب کیلئے پیش کیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ حسین نواز کی تصویر منظر عام پر آنے سے مذموم مقاصدکا اظہار ہوتا ہے
مشاہد اﷲ خان نے کہا کہ مسلم لیگ ن نے عدلیہ کی آزادی کی کوششیں کیں اور وہ اس کیس میں عدالت عظمیٰ سے انصاف کی توقع کرتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ خیبرپختونخواء میں احتساب کا ادارہ بند کر دیا گیا ہے اور تحریک انصاف کی حکومت صوبے کے معاملات چلانے میں بری طرح ناکام ہو گئی ہے۔