اجلاس میں سیکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی قربانیوں اور دہشت گردی کے خلاف جنگ میں قوم کے عزم کوسراہاگیا ۔

پاکستان افغانستان میں امن کے لئے کام کرتا رہے گا، قومی سلامتی کمیٹی
07 جولائی 2017 (19:15)
0

قومی سلامتی کمیٹی نے کہا ہے کہ علاقائی امن اور ترقی جموں وکشمیر سمیت تمام تصفیہ طلب مسائل کے حل سے براہ راست وابستہ ہے ۔

کمیٹی کا اجلاس وزیراعظم محمد نوازشریف کی صدارت میں جمعہ کے روز اسلام آباد میں ہوا ۔
فورم نے کہا کہ دنیا میں کسی بھی ملک نے عالمی تحفظ اور سلامتی کیلئے اتنا کچھ نہیں کیا جتنا پاکستان نے کیا اور بڑے پیمانے پر جانی ومالی نقصان اٹھایا ۔
اجلاس میں کہاگیا کہ پاکستان انسداد دہشت گردی کی عالمی کوششوں میں صف اول کے ممالک میں شامل ہے اور ان کوششوں میں اس نے بے مثال قربانیاں دیں اور کامیابیاں حاصل کیں ۔
اجلاس میں سیکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی قربانیوں اور دہشت گردی کے خلاف جنگ میں قوم کے عزم کوسراہاگیا ۔
اجلاس میں کہاگیا کہ پاکستان افغانستان کی سرکردگی میں امن عمل کے ذریعے افغانستان میں امن وترقی کیلئے کام کرتا رہے گا ۔
وزیردفاع خواجہ محمد آصف ، وزیرخزانہ محمد اسحق ڈار، وزیرداخلہ چوہدری نثار علی خان، امور خارجہ کے مشیر سرتاج عزیز، جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی کے چیئرمین جنرل زبیر محمودحیات ، تمام مسلح افواج کے سربراہان اور اعلی حکام نے اجلاس میں شرکت کی ۔