07 جولائی 2017 (07:26)
0

ایشیائی ترقیاتی بینک کے نائب صدرWencai Zhang نے کہا ہے کہ پاکستان اگلے چند برسوں میں نہایت مستحکم اقتصادی شرح نمو حاصل کرسکتا ہے۔
اسلام آباد میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وہ اقتصادی اشاریوں کے استحکام کیلئے حکومت کی کوششوں سے بہت متاثر ہیں جس نے حالیہ برسوں کے دوران حوصلہ افزا کارکردگی کامظاہرہ کیا ہے۔
ایشیائی ترقیاتی بینک کے نائب صدر نے کہا کہ ملک کو سات فیصدکی بلند اقتصادی شرح نمو کی ضرورت ہے جس کا حصول اگلے چند برسوں میں ممکن ہے۔
انہوں نے امید ظاہر کی کہ حکومت ملک کے اقتصادی اہداف کے حصول کے لئے ڈھانچہ جاتی اصلاحات کو مزید مضبوط کرنے کیلئے اپنی کوششوں کو مزید تیز کر ے گی۔
مسٹرZhang نے کہا کہ ملک میں اقتصادی ترقی کے لئے سیاسی استحکام انتہائی اہمیت کا حامل ہے۔

اس سے پہلے ایشیائی ترقیاتی بینک کے نائب صدر نے وزیر خزانہ اسحاق ڈار سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ایشیائی ترقیاتی بینک حکومت پاکستان کے ساتھ پاکستان ڈویلپمنٹ فنڈ اور پاکستان انفراسٹرکچر بنک سمیت نئے اقدامات پر مزید تعاون کرے گا۔
دونوںفریقوں نے مزید ایسے شعبوں کی نشاندہی پر اتفاق کیا جن میں اصلاحات کی ضرورت ہے۔وزیر خزانہ نے کہا کہ حکومت پاکستان ترقیاتی شراکت اداروں کے ساتھ قریبی تعاون جاری رکھے گی جس کا مقصد لوگوں کا معیاری زندگی بہتر بنانا ہے۔
انہوں نے پاکستان کے ترقیاتی شراکت دار کے طورپر ایشیائی ترقیاتی بینک کے کردار کو سراہا۔