دہشتگردی ایک مشترکہ خطرہ ہے اور پاکستان خطے میں سلامتی اور استحکام کیلئے افغانستان کے ساتھ مل کر کام کرتا رہے گا:وزیراعظم
07 اگست 2017 (20:19)
0

وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ دہشتگردی پاکستان اور افغانستان کیلئے مشترکہ خطرہ ہے اور دونوں ملکوں کو خطے کی سلامتی اور استحکام کیلئے مل کر کام کرنا چاہئے۔ انہوں نے ان خیالات کا اظہار پیر کے روز افغان صدر اشرف غنی کے ساتھ ٹیلیفون پر گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

اشرف غنی نے وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کو وزیراعظم کا عہدہ سنبھالنے پر مبارکباد دینے کیلئے ٹیلیفون کیا۔ افغان صدر نے پرامن انتقال اقتدار پر اظہار اطمینان کرتے ہوئے کہا کہ یہ پاکستان میں جمہوریت کیلئے نیک شگون ہے۔
وزیراعظم نے صدر غنی کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان خطے سے دہشتگردی کے ناسور کو ختم کرنے کیلئے افغانستان کے ساتھ مل کر کام کرے گا۔
دونوں رہنمائوں نے خطے میں توانائی کے مسئلے کو حل کرنے اور پاکستان اور افغانستان میں اقتصادی صورتحال بہتر بنانے کیلئے مل کر کام کرنے کا عزم ظاہر کیا۔