گلگت بلتستان میں ایل پی جی ایئر مکس پلانٹ قائم کیا جائے گا جس سے توانائی کے دس ہزار صارفین کو فائدہ ہوگا:وزیراعظم
07 اگست 2017 (20:11)
0

وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ پاکستان کی حکومت اور عوام مقبوضہ کشمیر کے مظلوم عوام کی بھرپور حمایت کرتے ہیں۔ انہوں نے یہ بات پیر کے روز اسلام آباد میں آزاد کشمیر کے وزیراعظم راجہ فاروق حیدر سے ملاقات میں کہی۔  وزیراعظم نے حق خودارادیت کی منصفانہ جدوجہد میں کشمیری عوام کی اخلاقی سیاسی اور سفارتی حمایت کیلئے پاکستان کے عزم کا اعادہ کیا۔

ادھر گلگت بلتستان کے وزیراعلیٰ حافظ حفیظ الرحمن سے اسلام آباد میں گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ حکومت گلگت بلتستان کی سماجی واقتصادی ترقی کیلئے پرعزم ہے۔ شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ گلگت بلتستان میں مائع پٹرولیم گیس ایئر مکس پلانٹ قائم کیا جائے گا جس سے توانائی کے دس ہزار صارفین استفادہ کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ مائع پٹرولیم گیس پلانٹ سے جنگلات کی لکڑی کے استعمال میں نمایاں کمی آئے گی۔
ایئر چیف مارشل سہیل امان نے بھی اسلام آباد میں وزیراعظم شاہد خاقان عباسی سے ملاقات کی اور پاک فضائیہ کی آپریشنل تیاریوں سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا۔