وزیر خارجہ نے بھارت پر پھر زور دیا ہے کہ وہ خطے میں امن واستحکام کے قیام کیلئے پاکستان کی کوششوں کا مثبت جواب دے
07 اگست 2017 (19:27)
0

وزیرخارجہ خواجہ محمد آصف نے کہا ہے کہ دیرینہ مسئلہ کشمیر حل کئے بغیر جنوبی ایشیا میں پائیدار امن کا قیام ممکن نہیں۔ انہوں نے یہ بات پیر کے روز اسلام آباد میں آزاد جموں وکشمیر کے صدر سردار محمد مسعود خان سے گفتگو کرتے ہوئے کہی۔

ملاقات میں مقبوضہ کشمیر کی صورتحال خصوصاً جعلی مقابلوں میں نوجوانوں کی شہادت اور حریت رہنمائوں کی گرفتاریوں پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔
خواجہ آصف نے کہا کہ پاکستان اپنی سرحدوں کا دفاع کرنے کی مکمل صلاحیت رکھتا ہے تاہم ہم بھارت کے ساتھ خوشگوار اور پرامن تعلقات کے خواہشمند ہیں۔
وزیر خارجہ نے بھارتی حکومت پر زور دیا کہ وہ خطے میں قیام امن کیلئے پاکستان کی کوششوں کا مثبت جواب دے۔
آزاد جموں وکشمیر کے صدر سردار محمد مسعود خان نے کہا کہ بھارت غیر ریاستی عناصر کو سرٹیفکیٹس جاری کرکے مقبوضہ کشمیر میں آبادی کا تناسب تبدیل کرنے کی سازش کررہا ہے۔
دونوں رہنمائوں نے عالمی برادری سے اپیل کی کہ وہ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم اور انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کا نوٹس لے۔