File Photo

قومی اسمبلی کو بتایا گیا کہ بھارتی فوج نے گزشتہ سال نومبر سے اب تک جنگ بندی کی319 مرتبہ خلاف ورزی کی
07 اگست 2017 (19:24)
0

پیر کے روز قومی اسمبلی کو بتایاگیا کہ بھارتی فوج نے گزشتہ سال نومبر سے اب تک جنگ بندی معاہدے کی تین سو انیس مرتبہ خلاف ورزی کی ہے۔ وزیر دفاع خرم دستگیر خان نے وقفہ سوالات کے دوران ایک سوال کے جواب میں ایوان کو بتایا کہ جنوری 2013ء سے اب تک بھارتی فوجیوں کی بلا اشتعال فائرنگ سے چھیاسٹھ شہری شہید اور دو سو اٹھائیس زخمی ہوچکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بھارتی فوج کنٹرول لائن کے ساتھ رہنے والے لوگوں کو جان بوجھ کر نشانہ بنا رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاک فوج ان خلاف ورزیوں کا منہ توڑ جواب دے رہی ہے اور شہریوں کے جان ومال کے تحفظ کیلئے تمام ضروری اقدامات کئے جارہے ہیں۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ بھارتی فائرنگ کا مقصد مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فورسز کی طرف سے جاری انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں سے دنیا کی توجہ ہٹانا ہے۔