جنرل قمر جاوید باجوہ نے قومی دفاع اور سلامتی کے حوالے سے پاک فوج کے جذبے پر مکمل اطمینان کا اظہار کیا۔

بری فوج کے سربراہ نے کور کمانڈرز کانفرنس کی صدارت کرتے ہوئے قانون کی حکمرانی اور آئین کی بالادستی کیلئے دہشتگردی اور انتہا پسندی کے خاتمے کی کوششیں جاری رکھنے کی ہدایت کی ہے
07 اگست 2017 (18:02)
0

بری فوج کے سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا ہے کہ دہشتگردی کو شکست دینے ،قانون کی حکمرانی اور آئین کی بالادستی کیلئے قومی سطح پر اجتماعی کوششیں جاری رکھنے کی ضرورت ہے۔انہوں نے پیر کے روز راولپنڈی میں کورکمانڈرز کانفرنس کی صدارت کرتے ہوئے راجگال کی انتہائی ناموافق وادی میں کم سے کم جانی نقصان کے ساتھ آپریشن خیبر فور کامیابی سے کئے جانے کو بھی سراہا۔
انہوں نے قومی دفاع اور سلامتی کے حوالے سے پاک فوج کے جذبے پر مکمل اطمینان کا اظہار کیا۔کانفرنس میں داخلی اور بیرونی سیکورٹی صورتحال کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ اجلاس نے علاقائی خصوصاً افغانستان کی سیکورٹی صورتحال پر غور وخوض کیا اور خطے میں امن وسلامتی کے حوالے سے اپنے عزم کا اعادہ کیا۔
آرمی چیف نے کہا کہ پاکستان افغانستان کے ساتھ اعتماد پر مبنی باہمی تعاون کا خواہاں ہے جس سے خطے میں پائیدار امن کے مقاصد حاصل کئے جاسکتے ہیں۔
کور کمانڈرزکانفرنس کو کنٹرول لائن کی صورتحال کے بارے میں بھی بریفنگ دی گئی۔
کانفرنس آپریشن ردالفساد کے ذریعے حاصل ہونے والے قلیل مدتی ثمرات کو بھی سراہا۔