پاکستان کا دنیا کو جوہری ہتھیاروں سے پاک کرنے کے عزم کا اعادہ
07 اگست 2017 (16:32)
0

پاکستان نے اپنے اس عزم کااعادہ کیا ہے کہ ایٹمی ہتھیاروں میں اس طریقے سے کمی کی جائے جس سے علاقائی اورعالمی سطحوں پر امن،سلامتی اوراستحکام کو فروغ ملے۔ایٹمی ہتھیاروں کی روک تھام کے معاہد ے سے متعلق ایک بیان میں دفترخارجہ کے ترجمان نفیس ذکریا نے کہاکہ پاکستان ، ایٹمی ہتھیاروں کے بارے میں ہمہ گیر، بلا امتیاز اور جامع معاہدے کے ذریعے دنیا کو ایٹمی ہتھیاروں سے پاک کرنے کے ہدف کیلئے پرعزم ہے۔

انہوں نے کہا کہ ایٹمی ہتھیاروں کی روک تھام کا معاہدہ اپنے ضابطہ کار اور مندرجات دونوں لحاظ سے ضروری شرائط پر پورا نہیں اترتا۔ترجمان نے کہا کہ ایسے معاہدے اپنے مقاصد کے حصول میں ناکام رہے جن میں تمام فریقوں کے مفادات کو سمجھا نہیں گیا، پاکستان جیسے دوسرے ایٹمی ملکوں نے ایسے مذاکرات میں حصہ نہیں لیا اوروہ اس معاہدے کا فریق نہیں بن سکتے۔
انہوں نے کہاکہ پاکستان نے اس بات پر زور دیا ہے کہ یہ معاہدہ کسی بھی طریقے سے نہ تو عالمی قانون کا حصہ ہے اور نہ ہی رائج قوانین کے فروغ میں معاون ثابت ہوسکتاہے۔
انہوں نے کہا کہ تخفیف اسلحہ کے بارے میں جنیوا میں ہونے والی کانفرنس ایسے معاہدے کے اختتامی عمل کے لئے ایک انتہائی مثالی فورم ہے۔